Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کا پیر کو عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ، اسلام آباد پولیس کی پیشگی وارننگ

عمران خان کی پیشی کیلئے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت بھی اسلام آباد پہنچے گی
اپ ڈیٹ 26 مارچ 2023 10:38pm
فائل ــ فوٹو
فائل ــ فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی قیادت اور لیگل ٹیم سے مشاورت کے بعد کل اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ جس میں کل اسلام آباد کی عدالت میں پارٹی سربراہ عمران خان کی پیشی کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔

دوران اجلاس عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور لیگل ٹیم سے مشاورت کی اور عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے عمران خان کے پیش ہونے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین پیر کو اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

پی ٹی آئی اجلاس کے بعد سینئر رہنما فواد چوہدری لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت بھی اسلام آباد پہنچے گی۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ کل عمران خان کی ممکنہ عدالتی پیشی کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں، عدالتی احکامات کی روشنی میں ہی سیکیورٹی انتظامات کریں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت کے احاطے میں صرف متعلقہ اشخاص کو داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ماضی کا طرزِ عمل اپنایا گیا تو بلا تفریق قانونی طریقہ کار بروئے کار لایا جائے گا، قانون کی مکمل عملداری برابری کی سطح پر عمل میں لائی جائے گی۔

judicial complex

ٰImran Khan

islamabad capital police