Aaj News

بدھ, نومبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Awwal 1446  

حکمرانوں کو انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی نے اہم اجلاس بھی طلب کرلیا
شائع 26 مارچ 2023 01:53pm

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق انتخابات ہوکر رہیں گے، حکمرانوں کو اس سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں الیکشن اکتوبر تک مؤخر ہونے کے باوجود اپنے کارکنان اور رہنماؤں کو انتخابی تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، اور اس حوالے سے انتخابی امور کے لئے پا رٹی الیکشن سیل قائم کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما ہمایوں اختر پی ٹی آئی الیکشن سیل کے فوکل پرسن ہوں گے، جب کہ اعجاز چوہدری، ریاض فتیانہ اور رائے عزیز اللہ الیکشن سیل کے ممبر نامزد کئے گئے ہیں۔

پارٹی الیکشن سیل انتخابات کے حوالے سے تکنیکی امور دیکھے گا، جب کہ ووٹر لسٹوں، بلاک کوڈ اور دیگر تکنیکی معاملات پر امیدواروں کی معاونت کرے گا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن سیل کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی امور سے پارٹی قیادت اورامیدواروں کو آگاہ رکھا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق انتخابات ہوکررہیں گے، حکمرانوں کو اس سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ انتخابی عمل سبوتاژ کرنے والوں کے خلاف آئینی، قانونی اور سیاسی محاذ پر جدوجہد کریں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کل اسلام آباد عدالت میں پیش ہونے کے حوالے سے زمان پارک میں اہم اجلاس آج شام طلب کرلیا ہے، جس میں پارٹی کی مرکزی قیادت اور قانونی ٹیم شریک ہوگی۔

اجلاس میں کل اسلام آباد عدالت میں پیش ہونے کے معاملے پر مشاورت ہوگی، اور قانونی ٹیم عمران خان کو کیسز پر بریف کرے گی، جب کہ کارکنوں کو اسلام آباد ساتھ لے کر جانے یا نہ لے جانے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

pti

punjab election

ٰImran Khan