کراچی میں سستا پھل بیچنے والے اسٹالز پر ڈنڈا بردار جتھوں کے حملے
**کراچی میں جیل چورنگی اور حسن اسکوائر پر سستے پھل بیچنے والوں کے اسٹالز پر دھاوا بول دیاگیا۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ڈنڈا بردار جتھوں نے رضاکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ **
جیل چورنگی اور حسن اسکوائر پر سستے اسٹالز پر لوٹ مار کی گئی، ہنگامہ آرائی کے دوران سامان لوٹنے کے ساتھ ٹینٹ بھی گرادیا گیا اس دوران پھل سڑک پر بھی بکھر گئے۔
مشتعل افراد نے اسٹالز پر ڈنڈے برسائے اور مال سمیٹ کر بھاگ نکلے، حملے کے بعد پھل سڑک پر بکھر گئے اور ٹینٹ بھی گرادیا گیا، البتہ مشتعل افراد شہری متاثرین ہیں یا مافیا یہ واضح نہ ہوسکا۔
دوسری جانب سستا اسٹالز چلانے والے حماد کا کہنا ہے کہ اس تباہی کے پیچھے منافع خور مافیا کا ہاتھ ہے جو اپنے منافعے کی لالچ میں یہ برداشت نہ کرسکی۔
آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈنڈا برداروں نے رضاکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جو زخمی ہیں جبکہ اسٹالز پر فروٹ لینے کے لیے آنے والوں پر بھی حملہ کیا گیا۔ حماد کا کہنا تھا کہ پولیس نے ان کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔
کراچی میں منافع خوروں اور مہنگائی کے خلاف نمائشی اقدامات کے برعکس کم آمدن والے شہریوں کو زیادہ سہولیات فراہم کرنے کا بیڑا کراچی کے نوجوان حماد نے اٹھایا، حماد نجی جامعہ کا طالبعلم ہے۔
حماد نے عوام کی مدد کے لئے انتہائی سستی اشیائے خورونوش فروخت کرکے نئی مثال قائم کی۔ دس روپے کی سبزی اور فروٹ جبکہ سو روپے کی چکن اور صرف پانچ روپے میں روٹی بھی شہریوں کی دی جاتی ہے۔
اسٹال لگانے والوں میں شامل مصطفی حنیف نامی نوجوان نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
Comments are closed on this story.