عمران خان کی قانونی ٹیم سے مشاورت، زمان پارک کا پہرہ سخت کردیا گیا
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان قانونی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں، جب کہ زمان پارک کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی رہائشگاہ زمان پارک میں موجود ہیں، جہاں وہ اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
عمران خان قاونی ٹیم سے رہائشگاہ میں توڑ پھوڑ کے معاملے پر مشاورت کریں گے، اور لیگل ٹیم عمران خان کو قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دے گی۔
عمران خان پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ بھی پولیس ایکشن مینار پاکستان پر جلسے پر بھی مشاورت کریں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر موجود ہے، اور انہوں نے زمان پارک کے سیکیورٹی کے فرائض بھی سنبھال لئے ہیں۔
کارکنان نے پولیس کی جانب سے گزشتہ روز زمان پارک کے اردگرد گرائی جانے والی رکاوٹیں دوبارہ لگانا شروع کردی ہیں، زمان پارک کے مرکزی گیٹ پر لوہے کی چادریں لگا کرعارضی گیٹ بنا دیا گیا ہے، جب کہ رہائشگاہ کے دوسرے گیٹ کی جانب جانے والے راستے کو بھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
عمران خان قانونی ٹیم اور رہنماؤں سے مشاورت کے بعد قوم سے اہم خطاب بھی کریں گے، اور یہ خطاب سہہ پہر3 بجے براہ راست ہوگا۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ رات اسلام آباد سے واپسی پر خطاب کرنا تھا، تاہم ان کی واپسی میں تاخیر پر خطاب مؤخر کردیا گیا تھا۔
Comments are closed on this story.