Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی : تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران آج نیوز کی وین پر حملہ

قبضہ مافیا کی ہوائی فائرنگ اور شدید پتھراؤ
اپ ڈیٹ 14 مارچ 2023 02:33pm
آج نیوز کی وین پر حملہ

گلستان جوہر میں اینٹی اینکروچمنٹ آپریشن کے دوران مشتعل افراد نے کوریج کے لیے جانے والی آج نیوز کی ٹیم پر پتھراؤ شروع کردیا جس سے کیمرہ مین زخمی اور ڈی ایس این جی وین کو شدید نقصان پہنچا۔ اس دوران ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کے ڈی اے کی جانب سے تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن کے دوران قبضہ مافیا کے افراد نے اینٹی اینکروچمنٹ سیل کی ٹیم پر حملہ کردیا۔

مشتعل افراد نے اینٹی اینکرو چمنٹ سیل کی ٹیم پر شدید پتھراؤ کیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی، ایس ایچ او، اسسٹنٹ کمشنر اور کے ڈی اے کی ٹیم میڈیا کے نمائندوں سمیت موقع پر پہنچ گئے۔

مشتعل افراد نے ایک بار پھر پتھراؤ کرتے ہوئے موقع پرموجود آج نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر بھی حملہ کردیا، پتھراؤ سے وین کو شدید نقصان پہنچا، ڈی ایس این جی کی فرنٹ اسکرین بھی ٹوٹ گئی، گاڑی میں سیٹلائٹ اور الیکٹرانک ایکوپمنٹ کو بھی نقصان پہنچا، وین کے شیشے اور گیٹ بھی توڑ دیے گئے، جب کہ سینئر کیمرہ مین شہادت بھی زخمی ہوگئے۔

کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد خان نے آج نیوز کی ڈی ایس این جی پر حملے کی مذمت کی ہے۔

سعید سربازی کا کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ شعیب احمد نے کہا کہ کوریج کرنے والے صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس میڈیا ورکرز کے تحفظ میں ناکام ہوگئی۔

حکام کے مطابق آپریشن کے لئے ہیڈ کوارٹر ایسٹ سے پولیس کی اضافی نفری کو طلب کرلیا گیا ہے، جب کہ اینٹی اینکروچمنٹ سیل اور پولیس کی بھاری نفری بھی گلستان جوہر تھانے سے روانہ کردی گئی ہے۔

کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر کے بلاک11 میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے غیرقانونی تعمیرات مسمار کی جارہی تھیں کہ اس دوران شرپسند عناصر نے کے ڈی اے کی ٹیم پر حملہ کیا، جس پر علاقہ پولیس نے قبضہ مافیا کو شیلنگ کر کے روکا، اور پولیس نے متعدد افراد کوحراست میں لے لیا۔

karachi

aaj Tv