Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کا اتوار کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان

لاہور میں ریلی کے شرکاء سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب
اپ ڈیٹ 13 مارچ 2023 10:42pm
فائل ــ فوٹو
فائل ــ فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اتوار کو دوپہر 2 بجے مینار پاکستان پر جلسہ کریں گے، ہم مل کر جدوجہد کریں گے اور ملک کو بچائیں گے۔ پچھلے 12 سال میں مینار پاکستان پر چھٹا جلسہ کروں گا، لاہوری ابھی سے جلسے کی تیاری شروع کردیں۔

عمران خان نے کہا کہ مینار پاکستان جلسے میں قوم کو بتاؤں گا کہ پاکستان کے مسئلہ کا حل کیا ہے کیسے قوم کو آزادی دلا سکتے ہیں بتاؤں گا کیسے جدوجہد کرنی ہے۔ اگر آزاد اور خود مختار ملک بنانا ہے تو بتاؤں گا ہمیں کیا کرنا ہے، جدوجہد میں مل کر مقابلہ کریں گے تو پاکستان کا حقیقی مطلب حاصل ہوگا۔

توشہ خانہ کیس کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے کہا کہ توشہ خانہ کا ڈراما سامنے آگیا ان لوگوں نے ہر قسم کی کردار کشی کی کوشش کی، توشہ خانہ میں سب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا۔ قوم پر واضح ہوگیا کہ توشہ خانہ کون لوٹ رہا ہے۔

پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ظل شاہ کو تشدد کرکے شہید کیا گیا، ذمے داروں کو پوری قوم کی طرف سے پیغام دے رہا ہوں نہ میں بھولوں گا اور نہ قوم آپ کو معاف کرے گی، ظل شاہ پر پولیس سمیت جس نے بھی تشدد کیا انھیں انصاف کے کٹہرے میں لا کر سزائیں دلوائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جنہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد کیا ان سے پوچھا جائےگا، ملک کے اوپر بڑے مجرم بیٹھیں ہیں، پی ٹی آئی کو الیکشن سے باہر کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے، میرے اوپر 80 کیسز بنائے گئے، میرے قریبی ساتھیوں پر بھی کیس ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جس طرح بڑی تعداد میں کارکنوں نے ریلی میں شرکت کی اس سے واضح ہوگیا کہ امپورٹیڈ حکومت ہماری ریلی کیوں روکنا چاہتی تھی۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے اتوار کو بھی ریلی کی اجازت نہیں دی جبکہ 8 مارچ کو تشدد کرکے ہماری ریلی کو روکا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ زمان پارک سے نکلتا ہوں تو زندگی کو خطرہ ہوتاہے، میں آپ سب کی جنگ لڑ رہا ہوں، ملک آج تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ سارے پاکستانی دیکھیں یہ میری ذاتی جنگ نہیں ہے، ذاتی مفادات کے لئے کوئی اپنی زندگی خطرے میں نہیں ڈالتا۔ میں پاکستانی قوم کی جنگ لڑ رہا ہوں، چاہے مزدور ہوں چاہیے کسان ہوں، وکیل، فوج، پولیس، اساتذہ سب کی جنگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک تباہی کے دہانے پر ہے، حقیقی ازادی کی جنگ میں پوری قوم ہمارا ساتھ دے۔ حقیقی ازادی حقیقی جمہوریت سے آتی ہے اور جمہوریت انصاف سے اور قانون کی عملداری سے آتی ہے۔

پارٹی فنڈنگ کیس کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی فنڈنگ کی تفصیلات سامنے اۤئیں گی تو قوم کو پتہ چلے گا کہ پی ٹی آئی نے کسطرح قانون کے مطابق پارٹی فنڈ اکھٹے کیے اور ان دو پارٹیوں نے کس طرح پیسا اکٹھا کیا۔

عمران خان نے ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور مختلف مقامات پر استقبال کرنے پر عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی لاہور ریلی میں پارٹی چیئرمین عمران خان کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے بھی کارکنوں سے خطاب کیا۔

رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ پوسٹ مارٹم میں ظل شاہ پر تشدد کی تصدیق ہوچکی ہے، ظل شاہ کی جان سیاسی مافیا نے لی ہے، سیاسی مافیا محسن نقوی، آئی پنجاب اور سی سی پی او لاہور ہیں، ظل شاہ کے والدین نے عمران خان پر الزام عائد نہیں کیا۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان پر 80 سے زائد کیسز بن چکے ہیں، حماد اظہر اور مجھ پر بھی مقدمات بن رہے ہیں، روز صبح اٹھتے ہیں تو 2 نئے کیسز بنے ہوئے ہوتے ہیں۔

imran khan

mariyam nawaz

pti rally