لاہور ہائیکورٹ نےفرخ حبیب کو نوٹس دینے پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو طلب کرلیا
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما فرخ حبیب کو طلبی کا نوٹس دینے پر لاہور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے روبرو پی ٹی آئی کے رہنماء فرخ حبیب کی جانب سے احمد پنسوتہ ایڈووکیٹ نے پیش ہو کر بتایا کہ اینٹی کرپشن نے طلبی کا نوٹس جاری کیا۔
فرخ حبیب کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے کل طلب کیا گیا ہے، اینٹی کرپشن کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات سیاسی انتقام ہے، عدالت اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری نوٹس کو کالعدم قرار دے اور غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے سے بھی روکا جائے۔
لاہورہائیکورٹ نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 14 مارچ تک ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.