Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

مریم کیخلاف ٹویٹ : ایف آئی اے نے فواد چوہدری کو طلب کرلیا

پی ٹی آئی رہنماکا سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 13 مارچ 2023 03:06pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو سائبر کرائم کی تحقیقات سے متعلق 17 مارچ کو طلب کرلیا۔ فواد چوہدری کو شہری راجہ محمد ہارون کی شکایت پرنوٹس بھیجا گیا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

شہری کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ کہ مریم نواز پر توشہ خانہ سے گھڑی لینے کا جھوٹا الزام عائد کیا گیا اور اس حوالے سے کی جانے والی ٹویٹ سے پرائیویسی کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔

ایف آئی اے کی جانب سے فواد چوہدری کو اسلام آباد کرائم سرکل میں پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے 17 مارچ کوطلب کیا گیا ہے۔

فواد چوہدری کیلئے نوٹس ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ اسلام آباد کے سب انسپکٹرمحمد منیب ظفرکے دستخطوں سے جاری کیا گیا۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے 12مارچ کوشب 9 بجکر42 منٹ پراشتعال انگیزاورجھوٹا ٹویٹ جاری کرتے ہوئے مریم نوازپرتوشہ خانہ سے گھڑی لینے کا جھوٹا الزام عائد کیا۔ توشہ خانہ ریکارڈ جاری ہوچکا ہے جس میں مریم نواز کے گھڑی لینے کا کوئی ذکرنہیں۔ ٹویٹ سے پرائیویسی کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگرفواد چوہدری پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

دوسری جانب فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ مریم نواز کی ٹوئٹر پردھمکی کے گھنٹوں کے اندر ایف آئی اے نے میرے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ اس ملک میں شہری حقوق مکمل طور پرمعطل ہو چکے ہیں۔

Maryam Nawaz

Fawad Chaudhary