Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

توشہ خانہ کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، وارنٹ گرفتاری برقرار

سابق وزیراعظم کو 18 مارچ کو عدالت پیش کرنے کا حکم
اپ ڈیٹ 13 مارچ 2023 03:57pm
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم کو 18 مارچ کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس سے متعلق الیکشن کمیشن فوجداری کارروائی کیس کی سماعت کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان آج بھی پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کے وکیل خواجہ حارث اور ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے الیکشن کمیشن کی شکایت ناقابل سماعت ہونے اورعمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کیں۔

عمران خان کے وکیل کے دلائل

خواجہ حارث نے دلائل میں مؤقف اپنایا کہ میں ایک استدعا کرنا چاہتا ہوں کہ عمران خان آج پیش نہیں ہوسکتے، ایسا نہیں ہے کہ عمران خان جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے، ہم نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ میں پیٹیشنز دائر کر رکھی ہیں، سیکیورٹی تھریٹس کے باعث پیش نہیں ہورہے، چیئرمین پی ٹی آئی پر حملہ ہوا اور وہ زخمی ہوئے،عمران خان کے خلاف شکایت الیکشن کمیشن نے نہیں بلکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے کی، اگر الیکشن کمیشن شکایت بھیجنا چاہے تو طریقہ کار کیا ہوگا؟

الیکشن کمیشن کے وکیل کے دلائل

الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے دلائل میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پرعملدرآمد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ ہائیکورٹ نے لکھا کہ 13مارچ کوعمران خان نہیں آتے تو عدالت قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائے۔

وکیل عمران خان خواجہ حارث نے واضح کیا کہ انہوں نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا نہیں کی، عدالت کے وارنٹ کا حکم آن فیلڈ ہے وہ کسی وقت بھی عمل درآمد کراسکتے ہیں۔

خواجہ حارث نے لیاقت علی اور بینظیر کی شہادت کے واقعات سے بھی آگاہ کیا

خواجہ حارث نے لیاقت علی خان اور بے نظیر بھٹو کی شہادت کے واقعات سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ میں ویڈیولنک کی درخواست بھی دی ہوئی ہے تاہم الیکشن کمیشن نے 120روز کے بعد درخواست فائل کی تھی، الیکشن کمیشن کو اس کا اختیار ہے ہی نہیں، اس معاملے کو دیکھا جائے کہ یہ بہت بڑا سقم ہے، درخواست آج ہی خارج ہونی چاہیئے۔

بعدازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ساڑھے 3 بجے تک فیصلہ محفوظ کرلیا جو سنادیا گیا۔

عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے عمران خان کو 18 مارچ کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے آج طلب کر رکھا ہے، عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل کرکے آج پیشی کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکانے اورکاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی ٹیریان کو چھپانے کے کیسز کی سماعت بھی آج ہونا ہے۔

خاتون جج کو دھمکانےکےکیس کی سماعت سول جج رانا مجاہد رحیم کریں گے، ذرائع کے مطابق اس کیس میں ویڈیولنک کی درخواست کی بنیاد پر استثنیٰ مانگا جائےگا۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے آج لاہور میں عمران کی قیادت میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

pti

imran khan

tosha khana case

islamabad local court

Politics March 13 2023