Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہائی وولٹیج ٹاکرا : ریکارڈ 515 رنز، 34 چھکے، 44 چوکے، ملتان سلطانز فاتح

شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل کی دوڑ سے باہر
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2023 12:04am
فوٹو ــ اسکرین گریپ
فوٹو ــ اسکرین گریپ

پاکستان سپرلیگ ایٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے، راولپنڈی میں ملتان سلطانز نے 9 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل ایٹ کے 28 ویں میچ میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رنز کے پہاڑ کھڑے کیے۔ دونوں ٹٰیموں نے مل کر 515 رنز اسکور کیے، میچ میں 34 چھکے اور 44 چوکے لگائے گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کی۔ ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے عثمان خان کی پی ایس ایل کی تیز ترین ریکارڈ سنچری کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر ریکارڈ 262 رنز بنائے۔

عثمان خان نے 36 گیندوں پر سنچری بنائی اور مجموعی طور پر 43 گیندوں پر 120 رنز بنائے۔ ملتان کے کپتان محمد رضوان نے 29 گیندوں پر 55 رنز بنائے جبکہ ٹم ڈیوڈ نے 25 گیندوں پر 43 اسکور کیا اور پولارڈ نے 23 رنز اسکور کیے۔

میچ میں گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست ہوئی لیکن ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ نے بھی خوب جان لڑائی اور عمیر یوسف کے 67 رنز کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے سرفراز احمد میچ نہیں کھیلے ان کی جگہ کپتانی محمد نواز نے کی۔ عمیر یوسف کے ساتھ افتخار احمد نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 بالز پر 53 رنز بنائے جبکہ مارٹن گپٹل نے 14 گیندوں پر 37 رنز اور عمر اکمل 16 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ملتان سلطانز کے گیند باز عباس اۤفریدی نے 5 وکٹیں لے کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

عباس آفریدی نے ہیٹ ٹرک بھی کی۔ شاندار پرفارمنس پر نوجوان بالر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ ملتان کے احسان اللہ نے 2 اور انور علی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ورلڈ ریکارڈ

ملتان سلطانز اور گلیڈی ایٹرزکے میچ میں 515 رنز بنے، جو ایک ٹی20 میچ میں سب سے زیادہ رنز کا ورلڈ ریکارڈ ہے۔

اس کے علاوہ پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی بنا۔ ملتان کے عثمان خان نے 36 گیندوں پر 100 رنز بناکر تاریخی اننگ کھیلی۔ عثمان نے اپنی ہی ٹیم کے رائیلی روسو کا 41 گیندوں پر سنچری بنانے کا ریکارڈ توڑا۔

پشاور زلمی پلے آف مرحلے کی چوتھی ٹیم

پاکستان سپرلیگ ایٹ کی پلے آف لائن اپ مکمل ہوگئی۔ کراچی اور کوئٹہ ایونٹ سے باہر ہوگئیں جبکہ ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ پلے آف مرحلے کی چوتھی ٹیم پشاور زلمی بن گئی۔

Quetta gladiators

Multan Sultans

PSL 8