Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

ملتان سلطانز پشاور زلمی کو شکست دے کر پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی

پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست، ملتان کے رائیلی روسو کی ریکارڈ سنچری
شائع 11 مارچ 2023 12:04am
فوٹو بذریعہ اے ایف پی
فوٹو بذریعہ اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل )8 کے ایک اور ہائی وولٹیج ٹاکرے میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پی ایس ایل ایٹ کا ستائیسواں میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کیے۔

243 رنز ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے دلیرانہ شاٹس کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوا دی۔ ملتان سلطانز نے ہدف کو 5 گیندیں قبل ہی حاصل کیا۔ ملتان کی جیت میں رائیلی روسو کی برق رفتار سنچری اور پولارڈ کی دھواں دھار نصف سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔ شاندار پرفارمنس پر رائیلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سلطانز بیٹنگ

پشاور کے 243 رنز ہدف کے تعاقب میں ملتان کے اوپنر جلد پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود 5 اور کپتان رضوان 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد رائیلی روسو اور پولارڈ نے زلمی کے بالرز کو خوب دھویا۔ دونوں بیٹسمینوں نے چھکوں اور چوکوں کی برسات کردی جس سے شائقین بھی بہت محظوظ ہوئے۔

غیرملکی کھلاڑی رائیلی روسو نے 41 گیندوں پر سنچری اسکور کرکے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ روسو 51 بالز پر 121 رنز بناکر عظمت اللہ کی بال پر اۤؤٹ ہوئے۔ ان کی دلکش اننگ میں 8 چھکے اور 12 چوکے شامل ہیں۔

پولارڈ نے بھی رائیلی روسو کا بھرپور ساتھ دیا، مڈل آرڈر بلے باز نے 25 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی۔ پولارڈ نے 5 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے انور علی 24 اور اسامہ میر 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ خوشدل شاہ نے 18 اور ٹم ڈیوڈ نے 2 رنز اسکور کیے۔

پشاور کےعظمت اللہ نے سلطانز کے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مجیب الرحمان، ارشد اقبال، ویاب ریاض، اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

زلمی بیٹنگ

میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست تو ہوگئی لیکن انھوں نے بھی شاندار بیٹنگ کرکے شائقین کے دل چیت لیے۔

زلمی کے اوپنر صائم ایوب اور کپتان بابراعظم نے اپنی شاندار پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے 134 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔

بابر اعظم نے 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 73 رنز بنائے جبکہ ہونہار نوجوان پلیئر صائم ایوب نے 4 چھکے اور 5 چوکوں کے ذریعے 33 بالرز پر 58 رنز کی اننگ کھیلی۔

پشاور کی جانب سے ٹام کوہلر کیڈمور 38، محمد حارث 35 اور عظمت اللہ 16 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ روومین پاول، حسیب اللہ خان اور وہاب ریاض ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔

ملتان سلطانز کے عباس آفریدی سب سے کامیاب گیند باز ثابت ہوئے انھوں نے پشاور کے چار بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ انور علی اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

peshawar zalmi

Multan Sultans

PSL 8