Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

علی بلال کی کھوپڑی اور نازک اعضاء پر تشدد کی تصدیق

پی ٹی اۤئی کارکن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق ہوگئی
شائع 10 مارچ 2023 12:09am

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی اۤئی) کے کارکن علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کھوپڑی اور نازک اعضاء پر تشدد کی تصدیق ہوگئی۔

تحریک انصاف کی بدھ کو انتخابی مہم کے دوران پولیس اور کارکنان میں تصادم کے نتیجے میں کارکن علی بلال کی موت واقع ہوگئی تھی۔

علی بلال کی موت کی تحقیقات میں اہم پیشرفت یہ سامنے اۤئی ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق علی بلال کی موت دماغ میں گہری ضرب لگنے سے ہوئی، موت کی ایک وجہ خون کا زیادہ بہنا بھی ہے۔

علی بلال کے جگر اور لبلبہ میں خون جمع تھا جبکہ دماغ میں خون جمع ہونے سے بلڈ پریشرانتہائی کم ہوگیا تھا۔

سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق علی بلال کو جسم کے نازک اعضاء پر بھی تشدد کیا گیا۔

علی بلال کی کھوپڑی کا ایک حصہ بری طرح سے متاثرہوا تھا۔ یہ خاص بات بھی سامنے اۤئی کہ لاہور کے سروسز اسپتال میں پرچی پر ریسیوڈ ڈیڈ لکھا گیا تھا۔

تحریک انصاف نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ شیئر بھی کردی ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے بدھ کو زمان پارک سے پنجاب ضمنی الیکشن کی انتخابی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ لاہور پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کےلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی تھی۔

ریلی کے دوران لاہور پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا تھا۔ جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور متعدد کارکنان زخمی ہوگئے تھے۔ اس موقع پر پارک جہانگیر ٹاؤن لاہور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی اۤئی کارکن علی بلال جاں بحق ہوگئے تھے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے علی بلال کے قتل کا ذمے دار لاہور پولیس کو ٹھہرایا گیا ہے۔ پی ٹی اۤئی وکیل نے واقعہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کےلئے جو درخواست جمع کرائی تھی اس میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ ، آئی جی پنجاب، سی سی پی او اور متعلقہ پولیس افسران کو نامزد کیا گیا تھا۔