Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہوئے تم اجنبی: آئی ایس پی آر کا فلم سے کوئی تعلق نہیں

یہ فلم کوئی پراپیگنڈہ فلم نہیں، ہدایتکار کامران شاہد
اپ ڈیٹ 07 مارچ 2023 11:03pm

پاکستان کے نامور صحافی کامران شاہد کے قلم سے لکھی گئی تحریر اوران کی ہدایات میں بننے والی فلم ہوئے تم اجنبی کا ٹائٹل سانگ جاری کر دیا گیا۔

ہدایت کار کامران شاہد کی نئی پاکستانی فلم ”ہوئے تم اجنبی“ کے شاندار میوزک کی تعارفی تقریب کا اہتمام کراچی کے مقامی سنیما گھر میں کیا گیا، جس میں شوبز کے چمکتے ستاروں سمیت اہم سیاسی شخصیات اور شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

فلم میں بنگلہ دیش کے سیاسی رہنما شیخ مجیب الرحمان کا کردار ادا کرنے والے اداکار محمود اسلم نے آج نیوز سے گفتگو میں کہ اداکاری ایک مشکل کام ہے اور خاص طور پر تاریخ کے حقیقی کرداروں کو پیش کرنا عام کرداروں سے زیادہ مختلف ہوتا ہے۔

فلم کے مصنف اور سینئر اینکر پرسن کامران شاہد نے کہا کہ فلم بنانا بہت مشکل کام ہے جہاں تک فلم میں تاریخ کی بات ہے تو مکمل 1971 کی تاریخ نہیں دکھائی گئی بلکہ تاریخ صرف 25 فیصد دیکھنے کو ملے گی باقی یہ رومانٹک کامیڈی فلم ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے آئی ایس پی آر سے ٹینک اور اسلحہ کرائے پر مانگا تھا لیکن انہوں نے کہا کہ ہم کرائے پر کچھ نہیں دیتے ہیں، جب میں نے انہیں بتایا کہ میں 71 تاریخ کے پس منظر پر فلم بنارہاہوں تو انہوں نے میرا اسکرپٹ بھی نہیں دیکھا کیونکہ وہ مجھے جانتے تھے اس لیے انہوں نے مجھے ویسے ہی لاجسٹک مہیا کیں پیسے نہیں لیے ۔

کامران شاہد کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں فلم میں نطر آنے والی تمام چیزیں حقیقی ہوں اس گرافکس کا استعمال بھی ہوتا ہے لیکن جہاں تک میں تعاون کی بات ہو تو آئی ایس پی آر کا فلم سے کوئی تعلق نہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم کوئی پراپیگنڈہ فلم نہیں، یہ کسی بھارتی فلم کا جواب نہیں نہ ہی یہ فلم کسی نفرت کا تسلسل ہے، اس فلم میں وہی ساز بجائے گئے ہیں جو اس زمانے میں تھے، 70 کی دہائی کے بعد کا کوئی انسٹرومنٹ نہیں بجایا گیا۔

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ فلم میں جس طرح کے گانوں کا استعمال بھی کیا ویسا کبھی نہیں دیکھا گیا ۔

فیصل واوڈا نے فلم میں ہیلی کاپٹرز اور بحری جہازوں پر فلمائے گئے سینز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاستدان بھی بڑی ایکٹنگ کرتے ہیں، کامران شاہد نے بہت محنت کی ہے۔

سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ 1971ء پاکستان کی تاریخ کا اہم حصہ ہے، یہ فلم سب کو دیکھنی چاہیے اور اس پر بحث بھی ہونی چاہیے۔

فلم ہوئے تم اجنبی کی کہانی میں ناظرین کو 1971 کی جنگ کے پس منظر میں ہونے والی ان کہی محبت کی داستانوں کو پیش کیا جائے گا، جس میں 11 گانے شامل ہیں۔

فلم اسٹار میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ سہیل احمد، محمود اسلم، شفقت چیمہ، ثمینہ پیرزادہ، عائشہ عمر، شمعون عباسی، علی خان اور فلمسٹار شاہد بھی نظر آئینگے۔

اس فلم کو عیدالفطر پر ملک کے تمام سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کیا جا ئے گا۔

Huwe tum ajnabi