اسمبلیاں توڑ کر فتنہ خان نے عدالتی طور پر بھی بحران پیدا کردیا،رانا ثناء
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے ٹولے نے ملک کو بحرانوں سے دو چار کیا اور اسمبلیاں توڑ کر فتنہ خان نے عدالتی طور پر بھی بحران پیدا کردیا ہے۔
ساہیوال میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اۤڑے ہاتھوں لیا۔
انھوں نےکہا کہ 2014 سے اب تک ملک کو سیاسی عدم استحکام سے دو چار کیا گیا، ملک میں سیاسی بحران پیدا کیے اور اب بھی پچھلے8 ماہ سے کبھی دھرنا کبھی لانگ مارچ اور کبھی جیل بھرو تحریک شروع کی، جسے عوام نے دیکھ لیا، جیل بھرو تحریک میں پورے ملک سے 121 لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز نے فتنہ خان کو چیلنج کیا ہے، مریم صاحبہ ملک کو فتنہ خان سے نجاد دلائیں گی، مریم دلیر بیٹی ہے، اس نے اپنی جان لڑانے اور قربان کرنے کا عہد عوام سے کیا ہے، عوام مریم نواز کا ساتھ دیں ملک سے فتنہ کو ختم کرکے ملک کو سنواریں گی۔
رانا ثنا اللہ نے عمران خان کا نام لیے بغیر ان کے دوران اقتدار میں اۤئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اۤئی ایم ایف کے ساتھ ایسا معاہدہ کیا گیا جس نے ملک کو معاشی طور پر بانجھ کردیا۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان کو صرف ایک بار اقتدار ملا جبکہ اس کے برعکس نواز شریف کو تین بار اقتدار ملا ، نواز شریف نے ہر بار ملک کو خوشحال کیا، انیس سو اکانوے بانوے میں پارٹی قائد ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے کی طرف لے کر گئے، انیس سو اٹھانوے میں نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا جبکہ دو ہزار تیرہ کے دور اقتدار میں سربراہ مسلم لیگ ن نے ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔
Comments are closed on this story.