این اے 193 ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر عمران خان کا تبصرہ
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے 193 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر محسن لغاری اور حلقے کے ووٹرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف سرکاری مشینری، نیوٹرلز اور الیکشن کمیشن کے مابین گٹھ جوڑ کے باوجود زوردار کامیابی پر محسن لغاری، مینالغاری ، پی ٹی اآئی کے کارکنان اورNA-193 کے ووٹرز کومبارکباد پیش کرتاہوں۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھےخدشہ ہے کہ اس سے پی ڈی ایم اور اس کے سرپرستوں پر مزید خوف طاری ہوگا چنانچہ سپریم کورٹ کے ججز پر غیر معمولی دباؤ کی توقع رکھیے۔
ایک اور ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ میں عوام کا شکرگزار ہوں جو تحریک انصاف کا ساتھ دینے اور این اے 193 میں مافیاز کو شکستِ فاش سے دوچار کرنے کیلئے اس جذبے اور جنون سےتحریک انصاف کو منتخب کرنے نکلے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 193 راجن پور کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد محسن لغاری نے میدان مار لیا۔
راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 ضمنی انتخاب کے غیر حتمی اور غیر سرکاری مکمل نتائج آج نیوز کو موصول ہوگئے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار محسن لغاری کو واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل ہوگئی، محسن لغاری کو 35 ہزار کی برتری حاصل ہے۔
محسن لغاری نے 90 ہزار 392 ووٹ حاصل کیے، ان کے مد مقابل مسلم لیگ (ن) کے عمار اویس لغاری 55 ہزار 218 ووٹ حاصل کرسکے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے اختر حسن گورچانی نے 20 ہزار 74 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمود احمد 3 ہزار 961 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے۔
،رزلٹ کی آفیشل کاپی آج نیوز کو موصول ہوگئی، کامیابی پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جشن منایا، بھنگڑے ڈالے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔
خیال رہے کہ این اے 193 کی نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے سردار جعفر لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
Comments are closed on this story.