Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

پی سی بی اور نگراں حکومت میں ڈیڈ لاک برقرار

میچز کراچی منتقل کرنے کو تیار ہیں،نجم سیٹھی
اپ ڈیٹ 24 فروری 2023 07:14pm

پاکستان سپرلیگ کے مالی امور پر پنجاب کی نگراں حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات کا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز پنجاب میں ہی ہوں گے یا انھیں کراچی منتقل کردیا جائےگا، مالی تنازعہ حل کرنے کےلئے پنجاب کی نگراں حکومت اور پی سی بی حکام کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونےوالے مذاکرات کا راؤنڈ ختم ہوگیا ہے لیکن ابھی تک کوئی نتیجہ سامنے نہیں اۤیا۔

وزرا میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کیے بغیر قذافی اسٹیڈیم سے روانہ ہوگئے۔ ذرائع کےمطابق پی سی بی اور نگراں حکومت میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

اہم بیٹھک میں نجم سیٹھی نے نگراں وزرا کو پی ایس ایل میچزکی مد میں 700 ملین ٹیکس ادا کرنے کا بتایا۔ انھوں نےکہا کہ میچز کےانعقاد کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، پی سی بی سیکیورٹی کی مد میں ایک روپیہ بھی نہیں دے گا، پی سی بی میچزکراچی منتقل کرنے کو تیار ہے۔

دوسری طرف نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو ہر حال میں بحال رکھنا ہے اور پاکستان سپرلیگ کی سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنانا ہے۔

انھوں نےکہا کہ پنجاب کی نگراں حکومت صاف و شفاف الیکشن کرانے کو تیار ہے۔ صوبہ میں اس وقت پی ایس ایل کے میچز چل رہے ہیں، کرکٹ ایونٹ کے بعد سیاسی جماعتیں جتنی چاہیں تحاریک چلا لیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ احتجاج سب کا حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔

PSL8

Jail Bharo Tehreek

Punjab Security