شیری مزاری کی بیٹی نے پی ٹی آئی کے ڈاکٹر ارسلان کو کھری کھری سنا دیں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی اۤئی) کی مرکزی رہنما شیری مزاری کی بیٹی ایمان زینب مزاری نے پی ٹی آئی کے ڈاکٹر ارسلان کو کھری کھری سناتےہوئےکہا ہے کہ براہ کرم مجھے نہ سکھائیں کیونکہ آپ کو بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔
تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک پر شیری مزاری کی صاحبزادی ایمان زینب مزاری نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کی اور ساتھ ہی کپتان کےساتھی ڈاکٹر ارسلان کو بھی اۤڑے ہاتھوں لیا۔
ایمان مزاری نےلکھا کہ اپنے حامیوں کو جیل بھیجنا جبکہ آپ خود محفوظ ہیں نہ صرف بزدلانہ عمل ہے بلکہ قابل مذمت ہے، عمران خان کی سیاست نے اپنے ہی حامیوں کا استحصال کیا ہے۔
مزید کہا کہ ایک منافق جو اپنے ہی لوگوں سے قربانیاں مانگتا جارہا ہے جبکہ خود ایک دن بھی جیل جانے کے لیے تیار نہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر ارسلان خالد نے ٹویٹ میں اپنے قائد عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھے تھے۔
انھوں نے کہا تھا کہ جس نے ایک دن بھی پاکستان سے جانے کا نہ سوچا۔ جس پر 50 سے اوپر سیاسی مقدمات بنائے گئے، قاتلانہ حملہ کیا گیا اور پھر بھی زخمی حالت میں لانگ مارچ میں شرکت کی، عدالت کی پیشی میں حاضری بھی دی۔
ڈاکٹر ارسلان نے جیل بھرو تحریک میں عمران خان پر کی جانےوالی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ٹویٹ میں کہا تھا کہ تنقید وہاں کریں جہاں بنتی ہو ، ایک چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے انسان پر آپکی تنقید بلاوجہ ہے۔
شیری مزاری کی بیٹی ایمان زینب نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ پارٹی قائد عمران خان پر تنقید ڈاکٹر ارسلان سے ہضم نہیں ہوئی، اس کےبعد ایمان زینب نے پی ٹی اۤئی قیادت پر کی جانے والی تنقید کو دہرایا۔
ایمان مزاری نے لکھا کہ غلطیوں سے، اپنی رائے کو بہت واضح کر دیا ہے لیکن چونکہ یہ آپ سے ہضم نہیں ہوی دہرا دیتی ہوں، اپنے کارکنان کا استحصال کرنے کی سیاست اور خود گرفتاری نہ دینا ، قابل شرم عمل ہے۔
Comments are closed on this story.