Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
03 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان میں جعلی ڈالرز کی آن لائن فروخت میں ملوث گینگ گرفتار

ملزمان سوشل میڈیا کے زریعے ہی ڈالرز اور دیگر کرنسی دکھاتے اور بدلے میں بھاری رقوم وصول کرتے۔
شائع 23 فروری 2023 08:26pm
تصویر: نمائندہ آج نیوز/غضنفر خان
تصویر: نمائندہ آج نیوز/غضنفر خان

پاکستان میں جعلی امریکی ڈالرز کی آن لائن فروخت کا کاروبار گرم ہے، جس کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم لاہور سرکل نے کارروائی کی ہے۔

ایف آئی اے نے قاضی عبدالرافع نامی شخص کی درخواست پر جعلی امریکی ڈالرز بیچنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ملزمان کے خلاف درج ایف آئی آر کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ ملزمان فہد، سہیل عابد اور دیگر سوشل میڈیا اور Exchangedots.com ویب سائٹ کے زریعے ایک آن لائن منی ایکسچینج چلاتے ہیں، جہاں جعلی ڈالرز کی فروخت کی جاتی ہے۔

مدعی مقدمہ قاضی عبدالرافع نے ایف آئی اے حکام کو بتایا کہ مجھے ڈالرز کی ضرورت تھی، میں نے سہیل عابد کے زریعے فہد سے رابطہ کیا جس نے مجے واٹس ایپ پر امریکی ڈالرز دکھائے۔

’میں نے انہیں چھ ہزار ڈالرز کیلئے 15 لاکھ روپے سے زائد رقم ادا کی، اس میں سے 13 لاکھ نقد ادا کئے جبکہ دو لاکھ 30 ہزار روپے سہیل عابد کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کئے۔‘

مدعی مقدمہ نے بتایا کہ ’انہوں نے مجھے پانچ ہزار ڈالرز فراہم کئے اور باقی ایک ہزار جلد دینے کا وعدہ کیا۔‘

’لیکن اگلے ہی دن مجھے پتا چلا کہ جو ڈالرز مجھے دئے گئے وہ جعلی ہیں۔‘

عبدالرافع نے ایف آئی اے کو بتایا کہ ’ میں نے سہیل عابد سے رابطہ کیا اور اسے کہا کہ تم نے جو کرنسی نوٹ دئے ہیں وہ جعلی ہیں۔ جس پر اس نے مجھے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ جانتا ہے کہ کرنسی جعلی ہے اور وہ اصلی بھی واپس نہیں کرے گا۔’

’سہیل عابد نے کہا، جو کرسکتے ہو کرلو۔‘

ایف آئی آر میں مدعی مقدمہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملزمان سوشل میڈیا کے زریعے اپنے کاروبار کی تشہیر کرتے تھے۔ اور جو دلچسپی ظاہر کرتا اس سے فیس بک اور واٹس ایپ کے زریعے رابطہ کرتے تھے۔

رابطہ کرنے پر ملزمان سوشل میڈیا کے زریعے ہی ڈالرز اور دیگر کرنسی دکھاتے اور بدلے میں بھاری رقوم نقد اور بینک ٹرانسفر کے زریعے وصول کرتے۔ پھر اس کے بدلے جعلی کرنسی (ڈالرز وغیرہ) بھجوا دیتے۔

ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف پیکا 2016 کے ایکٹ 13، 14 کے علاوہ تعزیراتِ پاکستان دفعہ 109، 420، 468، 4714، 489 (بی،سی)، 3، 4 فیرا 1947 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

FIA

Fake Dollars