Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

جیل بھرو تحریک: پشاور جیل کے دروازے بند، کارکنان تصاویر بنوا کر واپس روانہ

شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنما مختلف جیلوں میں منتقل
اپ ڈیٹ 23 فروری 2023 08:12pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی اۤئی) کی جیل بھرو تحریک کے دوسرے روز پولیس نے چند کارکنوں کو حراست میں لے کر چھوڑ دیا، پی ٹی اۤئی رہنما ملک واجد، فضل الہی اور ظاہر شاہ سمیت کئی لیڈرز نے گرفتاری دے دی ہے۔

جیل بھرو تحریک کے دوسرے دن خیبرپختون خوا سے گرفتاریاں پیش کی جارہی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک واجد اللہ نے سب سے پہلے گرفتاری دی۔

تحریک کے دوسرے روز پی ٹی اۤئی رہنما پرویزخٹک، عاطف خان، شہرام خان ترکئی، اسد قیصر سمیت بڑی تعداد میں کارکن سینٹرل جیل پشاور کے باہر جمع ہوئے۔

جیل کے باہر بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی صوبائی صدر پرویز خٹک نے کہا کہ رہنما اور کارکن جیل کے سامنے پہنچے تو جیل کے دروازے بند کر دئیے گئے۔

پشاور میں کپتان کے کھلاڑیوں نے قیدیوں کی وین میں ویڈیوز بنوائیں اور تصاویر کھینچنی۔ سابق ایم پی اے فضل الہی تو وین پر چڑھ گئے۔

سوات میں پولیس نے سابق وزیر اعلٰی محمود خان اور سابق ایم این اے سلیم رحمان کے گھر کے سامنے یہ اعلان بھی کیا کہ پی ٹی آئی کا کوئی کارکن گرفتاری دینا چاہتے ہیں تو مٹہ پولیس کی گاڑی کھڑی ہے۔

پی ٹی آٸی کارکنان گرفتاری دینے کیلٸے مردان سپورٹس کمپلیکس بھی پہنچے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے گرفتاری دینے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو سیکشن 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر احکامات کےمطابق صوبے میں دفعہ 144 کے تحت 5 سے زیادہ افراد کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

لاہور سے جیل بھرو تحریک میں پی ٹی آئی کے گرفتار ہونے والے رہنماؤں اور کارکنان قیدی وینز کے ذریعے لاہور سے باہر لے جایا جارہا ہے۔ جس کے بعد تحریک انصاف نے جیلوں کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کی کال دے دی ہے۔

خیبر پختون خوا میں جیل بھرو تحریک اور پولیس کی حکمت عملی

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ لاہور سے 214 کارکن گرفتار ہوئے، لیکن صرف 81 کی گرفتاری ظاہر کی جارہی ہے، باقی گرفتار کارکنوں کے بارے نہیں بتایاجارہا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جن جیلوں میں قائدین اور کارکنان ہوں گے وہاں مقامی تنظیمیں کیمپ لگائیں گی، اور کارکن ان تمام جیلوں کے باہر صدائے احتجاج بلند کریں گے۔

دوسری جانب کوٹ لکھپت جیل کی جانب سے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنان کی لسٹ جاری کردی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 77 کارکنان گرفتار کیے گئے، اور گرفتاررہنماؤں میں شاہ محمود، اسدعمر، اعظم سواتی اور دیگر شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاررہنماؤں اور کارکنان صوبے کی دور دراز جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے 24 رہنما اور کارکن ڈسٹرکٹ جیل لیہ، 24 ڈسٹرکٹ جیل بھکر اور 25 کو راجن پور جیل منتقل کیا گیا ہے۔

نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل، اعظم سواتی کو رحیم یار خان، مراد راس کو ڈی جی خان، سینٹر ولید اقبل لیہ، عمر سرفراز چیمہ بھکر جیل، محمد مدنی بہاولپور اور اسد عمر راجن پور منتقل کردیئے گئے۔

pti

Fawad Chaudhary

Jail Bharo Tehreek