سب دکھاوا ہے صبر نام کی کوئی چیز نہیں رہی، صنم سعید
اداکارہ صنم سعید کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے ہماری ترجیحات تبدیل ہوگئیں ہیں صبر نام کی کوئی چیز نہیں رہی ہے ۔
گزشتہ دنوں اداکارہ صنم سعید نے کراچی لٹریچر فیسٹیول میں شرکت کی تھی اس موقع پر آج نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے ہم چھوٹی چھوٹی چیزوں میں پھنس گئے ہیں لوگوں کو ہر کام میں توجہ اور تسکین حاصل کرنے کیلئے جلدی ہوتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اندر صبر نام کی کوئی چیز نہیں رہی سب دکھاوا ہے کہ کس نے کیا پہنا ہے کون کیا کررہا ہے کون کس کے ساتھ ہے یا نہیں ہے ہم ان چیزوں میں پھنس گئے ہیں ۔
اداکارہ کا ماننا ہے جنہوں نے شروع کیا وہ ہمارے نوجوانوں کو مصروف رکھنا چاہتے ہیں تاکہ وہ دماغ کو زیادہ اچھی چیزوں اور ترقی میں استعمال نہ کرسکیں اور اس میں پھنسے رہیں اور یہی ہورہا ہے ہماری قوم پھنسی ہوئی ہے بچے پھنسے ہوئے ہیں اور وہ آگے نہیں بڑھ پارہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو لٹریچرز پر بات کرنی اور سننی چاہیے اس سے ان کی سوچ تبدیل ہوتی ہے کیونکہ نیوز چینلز اور مارننگ شوز میں لٹریچرز پر کوئی گفتگو نہیں ہوتی ۔
صنم سعید کا کہنا تھا کہ ہم صرف لائیکس اور ویوز پر چل رہے ہیں اور یہ بہت خطرناک ہے کیونکہ اس کے علاوہ اور آگے بہت بڑی زندگی اور دنیا ہے اس دنیا میں ہمارا مقصد یہی ہے کہ ہم اچھا کام کریں ۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اصل رائے اور نظریہ سوشل میڈیا پر کمنٹ پڑھ کر نہیں ملتا بلکہ وہ اس وقت ملتا ہے جب ہم ان سے براہ راست مخاطب ہوتے ہیں ۔
ڈراموں کے مواد سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ایک زمانہ تھا جب ہم اپنے کانٹینٹ کے حوالے سے بڑے مشہور تھے ہمارے سارے فنکار ، ہدایتکار قابل ہیں مگر بس زمانہ بدل رہا ہے، ترجیحات بدل رہی ہیں اہمیت بدل رہی ہے۔
صنم سعید اپنے اگلے پروجیکٹ میں سپر اسٹار فواد خان کے ساتھ ویب سیریز ’برزخ‘ میں نظر آئیں گی جو ایک انڈین او ٹی ٹی پلیٹ پر ریلیز کی جائے گی۔
Comments are closed on this story.