Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بارکھان بلوچستان میں کنویں سے ملنے والی لاشوں کی شناخت ہوگئی

کنویں سے ملنے والی نعشوں کو کوہلو منتقل کردیا گیا
شائع 21 فروری 2023 04:00pm

بارکھان میں کنویں سے ملنے والی تین لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے، تینوں آپس میں ماں اور بیٹے ہیں۔

بلوچستان کے شہر بارکھان میں کنویں سے 3 لاشیں ملی ہیں، تینوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، اور مری چوک پر مری قبائل کے عمائدین اور عوام نے لاشیں ملنے پر دھرنا دے رکھا ہے۔

دوسری جانب انکشاف ہوا ہے کہ تینوں لاشیں کوہلو کے رہائشی خان محمد کی بیوی اور دو بیٹوں کی بتائی جاتی ہیں، اور یہ وہی خاتون ہے جس نے کچھ ہفتے قبل الزام لگایا تھا کہ وہ صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران کی نجی جیل میں قید ہے اور اس کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے۔

الزامات کے بعد اب اسی خاتون اور اس کے بیٹے کی لاشیں ملی ہیں، اور قبائلی رہنما خان محمد مری کا کہنا ہے کہ ایس پی بارکھان نور محمد بڑیچ نے صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا ہے، ہم نعشوں کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ منتقل کرکے بھرپور احتجاج کریں گے۔ دوسری جانب صوبائی وزیرعبدالرحمان کیتھران نے خود پر لگے الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اگر میری کوئی نجی جیل ہے تو تحقیقات کریں، میں نے خود وزیراعلٰی بلوچستان سے کہا ہے کہ جے آئی ٹی بنائیں، جو بھی تحقیقاتی کمیٹی بنی اس کے سامنے پیش ہوں گا، لیکن تحقیقات کیلئے میں کیوں استعفیٰ دوں۔

عبدالرحمان کیتھران کا کہنا تھا کہ میری ساکھ کو جو نقصان پہنچا اس پرہرفورم پر جاؤں گا، کیا میں خود جاکر کہوں گا کہ میرے خلاف ایف آئی آر درج کرو، عجیب بات ہے، میرا نام ایک منظم سازش کے تحت لیا جارہا ہے۔

Dead Bodies

barkhan blochistan