Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

توشہ خانہ کیس: عمران خان پر فرد جرم کی کارروائی ملتوی

28 فروری کو عمران خان کا ایکسرے ہوجائے گا، وکیل عمران خان
اپ ڈیٹ 21 فروری 2023 10:33am
فوٹو۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔ اے پی پی

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم کی کارروائی 28 فروری تک ملتوی کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل گوہر علی خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

عمران خان کے وکلاء کی جانب سے عمران خان کی طبی بنیاد پر آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

وکیل گوہرعلی خان نے عدالت کو بتایا کہ 28 فروری کو عمران خان کا ایکسرے ہوجائے گا، آج عمران خان کا مسئلہ تھا اسلام آباد آنے کا۔

جس پر جج ظفر اقبال نے ریمارکس دیے کہ ایسے رہا تو ٹرائل لمبا ہوتا چلا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست کے ساتھ کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ نہیں لگایا گیا، عمران کا میڈیکل بورڈ کروانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

عدالت نے کہا کہ عمران خان کا ایم ایل سی تو دکھائیں تاکہ ہم زخموں کی نوعیت تو جان سکیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عمران خان کا پمز سے طبی معائنہ کروانے کی استدعا کردی۔

الیکشن کمیشن نے کیس سے متعلق تصدیق شدہ کاپیاں عدالت میں جمع کروا دیں۔

جج نے ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق کیس کی کاپیاں ملزم کو خود دی جاتی ہیں، عمران خان کو آج بھی ذاتی حیثیت میں عدالت نے طلب کر رکھا تھا، ہر تاریخ پر حاضری سے استثنیٰ دی جاری ہیں۔

وکیل گوہر علی خان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ گئے، اسلام آباد کچہری میں پیشی تھوڑی مشکل ہے، کیس غیرسنجیدہ ہے۔ڈاکٹروں کی ہدایت اور سیکیورٹی وجوہات کے باعث عمران خان نہیں آئے۔عمران خان پر انسدادِ دہشت گردی اور دیگر عدالتوں میں بھی کیسز ہیں۔

جج نے عمران خان کے وکیل سے مکالمے میں کہاکہ ہم مسلسل آپ لوگوں کی مان ہی رہےہیں۔صرف کاپیاں فراہم کرکے فردجرم عائد کرنی ہے۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے وکلاء کو کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی حاضری اگلی سماعت پر یقینی بنالیں ہم آج استثنیٰ پر اعتراض نہیں کریں گے۔ 28 فروری کی تاریخ دے دیتے ہیں، ان کی حاضری یقینی بنائیں۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان پر فرد جرم کی کارروائی 28 فروری تک ملتوی کردی ۔

pti

imran khan

tosha khana case

islamabad local court