Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آئین شکنی بچانے کیلئے امپورٹڈ حکومت عدلیہ پر حملہ آور ہے، عمران خان

عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی زمان پارک لاہور میں ملاقات
شائع 19 فروری 2023 01:27pm
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےکہا ہے کہ اب الیکشن نہ کروا کر آئین شکنی کے مرتکب بھی ہو رہے ہیں، آئین شکنی بچانے کے لئے امپورٹڈ حکومت عدلیہ پرحملہ آور ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے زمان پارک لاہور میں ملاقات کی، جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور لائحہ عمل پر غورکیا گیا۔

ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت پہلے ہی برباد کر دی گئی،اب الیکشن نہ کروا کر آئین شکنی کے مرتکب بھی ہو رہے ہیں، آئین شکنی بچانے کے لئے امپورٹڈ حکومت اب عدلیہ پربھی حملہ آور ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف اور اس کے کارکنان ہر صورت عدلیہ کے تقدس کی حفاظت کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کارڈ سمیت بہت سے عوام دوست منصوبے بند کرنے سے غریب پر بوجھ بڑھ رہا ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ ڈالی ہے، مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت میں عام آدمی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے، جو خود کو جو معیشت کا چیمپئن سمجھتے تھے آج کل وہ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، ہر پاکستانی جان چکا ہے کہ یہ الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔

دوسری جانب ڈاکٹر شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا ورکر پارٹی کے نظریے کے ساتھ کھڑا ہے، آئندہ الیکشن میں یوتھ ونگ، آئی ایس ایف، اور سوشل میڈیا ونگ میں سے پارٹی کے نظریاتی نوجوانوں کو کم از کم دس فیصد ٹکٹیں دینے کی درخواست کرتا ہوں۔

شہباز گل نے چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں درخواست کی کہ جو پارٹی ورکرز مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوئے اس کو الیکٹیبل پر ترجیح دی جائے۔

جیل بھرو تحریک: عمران خان نے آج ویڈیو لنک پر اجلاس طلب کرلیا

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آج ویڈیو لنک پر جیل بھرو تحریک کے حوالے سے اجلاس طلب کر لیا۔

عمران خان جیل بھرو تحریک کے لئے پارٹی قیادت کو ہدایات جاری کریں گے۔

رضا کارانہ نام پیش کرنے والوں کی فہرست دی جائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اب تک 12 ہزار کارکن رجسٹریشن کروا چکے ہیں، ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

pti

imran khan

shehbaz gill

zaman park lahore