Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیخ رشید پر 2 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائے گی

پولیس نے شیخ رشید کیخلاف چالان پیش کیا
شائع 18 فروری 2023 09:13am

اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت کی منظوری لینے والے شیخ رشید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش ہوئے، سربراہ عوامی مسلم لیگ پر2 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

آج کی سماعت معمول کی کارروائی تھی جس میں پولیس نے شیخ رشید کیخلاف چالان پیش کیا ، مقدمے کی سماعت کرنے والے جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ شیخ رشید پر 2 مارچ کو فرد جرم عائد کریں گے۔

شیخ رشید نے ایس ایچ اوتھانہ آبپارہ کیخلاف درخواست دائر کی جو عدالت نے واپس کردی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ہدایت کی کہ یہ درخواست سیشن جج کی عدالت میں جمع کرائیں۔

واضح رہے کہ شیخ رشید کے خلاف شریک چیئرمین پی پی اور سابق صدر آصف علی زرداری پرعمران خان کی قتل کی سازش کے حوالے سے بیان پر مقدمہ درج ہے۔

میرے فریج سے مٹھائی اور کھانے کا سامان بھی لے گئے

سماعت کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اللہ نہ دبائے تو شیخ رشید نہیں دبے گا۔ میں نے ایس ایچ اوتھانہ آبپارہ کیخلاف درخواست دی ہے کہ گھر میں ڈکیتی کی اور 7 لاکھ روپے لے گئے، یہ اتنے بھوکے ہیں کہ فرج سے مٹھائی اور کھانے کا سامان بھی نکال لیا۔ مجھ سے پاس ورڈ مانگ رہے تھے وہ بھی دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے موبائل میں 95 فیصد صحافیوں اور 10 فیصد سرکاری اہلکاروں کے نمبر تھے۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے والے شیخ رشید نے کہا کہ یہ اتنے نالائق ہیں کہ ترکی نے جو سامان بھیجا تھا زلزلہ زدگان کیلئے وہی واپس بھجوا دیا۔

یہ جہازوں میں سفر نہیں کرسکتے، یہ پرائیوٹ مافیا کےجہاز استعمال کرتے ہیں۔ میں پوچھتا ہوں یہ گاڑی تمہارے باپ کے پیٹرول سے چلے گی۔مریم، زرداری، بلاول، شہباز ان لٹیروں کے گھر استعمال کرتے ہیں جنہوں نے قوم کا خون چوسا۔

انہوں نے کہا کہ جس تیزی سے یہ میرے چالان کاٹ رہے ہیں مجھے نظر آرہا ہے کہ سسرال جانا پڑے گا لیکن یہ شیخ رشید کو جانتے نہیں ہیں، میں نے کورٹ مارشل کاٹا ہے۔ انہوں نے 16 دن مجھے اسی چکی میں رکھا جہان فواد چوہدری رہے تھے۔

شیخ رشید نے مخالفین پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں انہیں ختم کرکے دم لوں گا،یہ الیکشن سے بھاگ چکے ہیں، کوئی ضمنی الیکشن نہیں لڑ رہا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اصل لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر طے کیا ہے کہ یہ صوبوں اور مرکز کےالیکشن ایک ساتھ کرائیں گے۔ امید ہے سپریم کورٹ الیکشن کروائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میری آنکھوں میں پٹیاں باندھ کر 2 رات گفتگو کی گئی جس کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ عمران خان کو جیل بھیجو اسکی مقبولیت ختم کرو۔

شیخ رشید نے واضح کیا کہ مجھ پر اگر کرپشن کا کوئی الزام ہے تو اسلام آباد ہائی کورٹ میں خود کو پھانسی لگا لوں گا، اکیلا ہی نکلوں گا اور گینگ آف فائیو کو نست و نابود کردوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وڑائچ کو رانا ثنا خصوصی طور پر میرے لئے لایا ہے۔

Sheikh Rasheed

sheikh Rasheed arrested