’محمد خان بھٹی کیس کیلئےوکیل کے ساتھ گفتگو کو ٹیپ کرکے غلط رنگ دیا گیا‘
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کا مبینہ آڈیو لیک پر کہنا ہے کہ آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی، محمد خان بھٹی کے کیس کیلئے ایک وکیل کے ساتھ گفتگو کو ٹیپ کرکے غلط رنگ دیا گیا ہے۔
چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ محمد خان بھٹی 10 دن سے لاپتہ ہے، ان کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے، آخر وہ کیس بھی سامنے آنا ہے، اگر کوئی فلاں بندہ انصاف کیلئے اپنے وکلا کے ذریعے عدالتوں کو رجوع کرتا ہے تو اس میں یہ گناہ ثابت کرنا چاہ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت عدلیہ کے ادارے کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے، ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا، عدلیہ اس وقت عوام کی امیدوں کا مرکز ہے، حکومت انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، تمام مخالفین کو جھوٹے کیسز میں جیلوں میں بند کرنا چاہتی ہےِ۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن سانحہ کے سرغنہ رانا ثناء اللہ بوکھلائے ہوئے ہیں اور بولنا شروع کر دیا ہے، یہ انشاء اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کیس میں ہی کیفر کردار تک پہنچیں گے ، اس نااہل حکومت کی تمام غلط کاریوں کی چیزیں انشاء اللہ سامنے آ کر رہیں گی، اللہ کی مدد سے رانا ثناء اللہ کے سارے کرتوت باری باری سامنے آ رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.