شمالی وزیرستان: سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ، 4 دہشت گرد، 3 زیرحراست ملزمان ہلاک
شمالی وزیرستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 زیر حراست ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گزشتہ رات سی ٹی ڈی کی آپریشن ٹیم کی میرانشاہ سے بنوں دہشت گرد ملزمان کی منتقلی کے اسکواڈ پر میر علی بائی پاس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
سی ٹی ڈی ٹیم اہم نوعیت کے دہشت گرد ملزمان کو بنوں منتقل کررہی تھی کہ دہشت گردوں نے آپریشن ٹیم پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں زیرحراست 3 ملزمان جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے سی ٹی ڈی کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے 5 سے 6 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت ارشاد اللہ، عبدالرحمان، اور مہر دن کے ناموں سے ہوئی، ایک دہشت گرد کی شناخت تاحال نا ہوسکی۔
ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر ہینڈ گرنیڈ حملوں اور ٹارگٹ کلنگ سمیت تھانہ کینٹ پر دستی بم حملے اور کنسٹیبل افتخار کے ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
Comments are closed on this story.