منی لانڈرنگ کیس: سلیمان شہباز کے وکیل نے ایف آئی اے رپورٹ پردلائل کیلئے مہلت مانگ لی
وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کیخلاف 16 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس میں وکیل نے ایف آئی اے کی رپورٹ پردلائل کے لیے مہلت مانگ لی۔
لاہور کے اسپیشل جج سینٹرل نے شوگر مل کے ذریعے 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ سلیمان شہباز اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کروائی۔
ایف آئی کی جانب سے نئی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ سلیمان شہباز کے وکیل نے نئی رپورٹ پڑھنے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل کو رپورٹ کی کاپی ملزمان کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ملزمان کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ رپورٹ میں گواہان 131 ہوگئے ہیں، ان کے بیانات کے حوالے سے کوئی چیز ساتھ لف نہیں ہے، عدالت رپورٹ پڑھ کے دلائل دینے کیلئے سماعت ملتوی کرے۔
عدالت نے سماعت 4 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو گواہان سے متعلق تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا-
Comments are closed on this story.