Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم

وزیراعظم کی وزیر داخلہ کو چاروں صوبوں کا دورہ کرنے کی ہدایت
شائع 10 فروری 2023 09:42pm
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، لہٰذا اس سلسلے میں کسی قسم کا سکیورٹی لیپس برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد، تمام آئی جیز پولیس اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اس سلسلے میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور کسی قسم کا سکیورٹی لیپس برداشت نہیں کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو چاروں صوبوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق، صوبوں میں رابطوں اور ہم آہنگی مزید بہتر کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے محکموں کی استعداد کار بہتر بنائی جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا جائے۔

وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر بھرپور عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

امن و امان کی صورتحال کے جائزہ اجلاس میں شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ ملک کے بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس کو مؤثر بنانے کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں۔

اجلاس کو بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی سیکرٹری داخلہ نے چاروں صوبوں کا دورہ کیا تاکہ امن و امان کے حوالے سے صوبوں کو درپیش مسائل اور درکار وسائل کا جائزہ لیا گیا۔

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

security