گداگر خاتون پر تشدد کرنے والے پولیس افسر کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل
سکھر میں گداگر خاتون پر تشدد کرنے والے پولیس افسر کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
سکھر کے علاقے مینارہ روڈ پر دو گداگر خواتین میں جھگڑے کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور گداگر خواتین کو چھڑانے کی کوشش کی۔
خاتون نے پولیس کی بات نہ مانی تو اس پر پولیس افسر نے طیش میں آکر تھپڑ برسا دئیے اور انہیں برقعے سمیت گھسیٹنے کی کوشش کی۔
واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے پر ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیا اور فوری طور پر مذکورہ پولیس افسر کو معطل کرکے اس کے خلاف کارروائی اور تحقیقات کا حکم دیا۔
واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کی ہدایت پر تھانہ سی-سیکشن میں درج کیا گیا اور مذکورہ افسر کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ترجمان سکھر پولیس کے مطابق ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے متاثرہ گداگر خاتون کے پاس پہنچ کر معاملے کی تفصیلات حاصل کیں اور انہیں اجرک پہنائی۔
متاثرہ خاتون نے افسر کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور کیس کی پیروی کرنے سے انکار کیا تھا، تاہم ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے خاتون کو ازخود کارروائی کرکے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ایس ایس پی سکھر نے کاتون کو تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
ایس ایس پی سنگھار ملک نے کہا کہ یہ پوری پولیس کا نہیں صرف ایک افسر کا ذاتی فعل ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے تاہم انکوائری ٹیم بنا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انکوائری ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں مذکورہ پولیس افسر کے خلاف مزید کارروائی بھی کی جائے گی جس پر خاتون نے ان کے ساتھ اظہار تشکر بھی کیا۔
ملاقات کے دوران ایس ایس پی سکھر نے خاتون کو اجرک سمیت دیگر تحائف بھی پیش کیے اور آئندہ بھی اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
Comments are closed on this story.