Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

تحریک انصاف اے پی سی میں شرکت کیلئے ”باضابطہ“ دعوت نامے کی منتظر

کانفرنس کی دعوت دینے کا یہ کوئی مناسب طریقہ نہیں، اسد قیصر کا اظہارِ برہمی
اپ ڈیٹ 06 فروری 2023 03:10pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد حسین چوہدری کہتے ہیں کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کا باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو مشاورت کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت میڈیا پر دی، اے پی سی کیلئے پی ٹی آئی کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کل فون پر زبانی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی، کانفرنس کی دعوت دینے کا یہ کوئی مناسب طریقہ نہیں۔

انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی میں دعوت دینے کا ایک احسن طریقہ کار ہوتا ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے، اس وقت یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، لیکن حکومت کا رویہ غیر آئینی ہے، ایسے ماحول میں یکجہتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو سب سے پہلے اپنے رویوں میں سدھار لانا ہوگا۔

سابق اسپکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہماری ہر پالیسی پاکستان کے مفاد کی پالیسی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم امن کے لئے اپنے تمام اختلافات بھلانے کے لئے تیار ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنے طرزعمل کو بہتر بنائے۔

تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اے پی سی کی بات پر سنجیدگی دکھائی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ جب دھمکیاں دیں گے تو کیا ایسے بندوں کے ساتھ بیٹھنا ٹھیک ہوگا؟ حکومت جھوٹ کا سہارا لے کر تحریک انصاف پر الزام لگا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک بہت جلد شروع کریں گے۔

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، کانفرنس اب 7 کے بجائے 9 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کل جماعتی کانفرنس ممیں دہشت گردی، درپیش چیلنجز کے مقابلے کی مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی، نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں ملک کی تمام قومی و سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مشاورت کے بعد تاریخ میں تبدیلی کی ہے۔

pti

Asad Qaiser

Fawad Chaudhary

APC

All Parties Conference