Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

فواد حسن فواد آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بری

فواد حسن فواد کی اہلیہ، ان کی عزیزہ اور بھائی کو بھی بری کردیا گیا
شائع 02 فروری 2023 05:16pm
فواد حسن فواد۔ فوٹو — فائل
فواد حسن فواد۔ فوٹو — فائل

احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بری کر دیا-

احتساب عدالت لاہور نمبر 6 کی جج عظمی اختر چغتائی نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا الزام اور اثاثہ جات بنانے میں کرپشن کا عنصر ثابت نہیں ہوا، لہٰذا ناکافی شواہد کی بنیاد پر بریت کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔

عدالت نے فواد حسن فواد کی اہلیہ رباب حسن، بھائی وقار حسن اور ان کی عزیزہ ڈاکٹر انجم حسن کو بھی بری کر دیا۔

نیب نے فواد حسن فواد اور ان کے اہل خانہ کے خلاف ریفرنس میں 4 ارب 56 کروڑ 51 لاکھ 26 ہزار 904 روپے کے غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔

نیب کے روبرو پیش ہوکر فواد حسن فواد 3 ارب 47 کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار 822 روپے کی وضاحت دے سکے۔

فواد حسن فواد اور ان کے بھائی وقار حسن حاضری کے لئے پیش ہوئے جب کہ فواد حسن فواد کی بیگم رباب کی جگہ پلیڈر انوار حسین اور ڈاکٹر انجم حسن کے پلیڈر رانا نعمان گوہر عدالت میں پیش ہوئے تھے۔