Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’ایک اور نیا آئی ایم ایف کا پروگرام لانا پڑے گا‘

فوج اور اداروں سے ہمارا جھگڑا کیسے ہوسکتا ہے، فواد چوہدری
شائع 02 فروری 2023 04:50pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد حسین چوہدری کا کہنا ہے پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا لہولہان ہے، ضرورت ہے کہ نفرتیں کم ہوں مگر پاکستان کو غیرمستحکم کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں امن و امان قائم تھا، عمران خان نے افغانستان اور امریکہ سے تعاون کیا، ہم نے امریکیوں اور صحافیوں کو افغانستان سے باہر نکالا، یہ اُس وقت کے پاکستانی اداروں کے فیصلے تھے، اداروں میں کابینہ اور عسکری ادارے شامل ہوتے تھے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال اسٹریٹجی کا ایک حصہ ہوتا ہے، کبھی بھی قبرستان بنا کر امن نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عمران خان کی افغانستان پالیسی کو تباہ کردیا، حملے کرنے والے حملہ کرکے افغانستان بھاگ جاتے ہیںِ، پاکستان کی حکومت نے افغانستان کے معاملے پر ایک بھی اجلاس نہیں بلایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان میں بحال کرادی، ہم نے ملک کو ٹیررازم سے ٹوئرازم کی جانب گامزن کردیا تھا، نو ماہ میں اس حکومت نے ملک کو واپس ٹوئرازم سے ٹیررازم کی طرف ڈال دیا ہے۔

گرفتاریوں پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے اعظم سواتی پھر مجھے، رات کو شیخ رشید اور عمران ریاض کو گرفتار کیا گیا، غداری کے کیس بنائے جارہے ہیںِ، ہم اپنے بچوں کو دفنا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج اور اداروں سے ہمارا جھگڑا کیسے ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں انتخابات کیوں نہیں کروا رہے ہیں، آئین کے تحت 90 روز میں انتخابات منعقد ہونے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کو اپنے گھر والے بھی نہیں جانتے، وہ لوگ وزیر بنے بیٹھے ہیں جو گھر میں دوسری بار سالن مانگ لیں تو انہیں چپیڑ پڑ جائے۔

فوادچوہدری نے کہا کہ جو بھی 90 روز سے آگے کی بات کرے گا وہ آرٹیکل 6 کا ارتکاب کررہا ہے، اگر تاریخ نہیں دیں گے تو ان پر آرٹیکل 6 لاگو ہوگا۔

پی ٹٰ آئی رہنما نے کہا کہ ن لیگ، آصف زرداری کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، جب بھی پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی نئی اپوزیشن جنم لے گی، ن لیگ اور پی پی کی لیڈرشپ 80، 80 سال کی ہوگئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں مستحکم آئینی حکومت ہو، آپ کو الیکشن بحرصورت کروانے پڑیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ امریکی ڈالر 270 سے تجاوز کرچکا ہے، ایک اور نیا آئی ایم ایف کا پروگرام بھی لانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں 45 فیصدکے شرح سے بڑھ رہی ہیں، حال ہی میں مہنگائی 40 فیصد تک تک پہنچ گئی ہے۔ مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ استحکام انتخابات دیر سے کرنے سے نہیں آسکتا، مارکیٹ اورمیعشت سیاسی استحکام سے مستحکم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ پہلے میں نے کہا تھا معیشت کا بحران آرہا ہے، سنجیدہ معاشی اقدامات لینا ضروری ہیں ورنہ مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ دہشتگردی پر پی پی، ن لیگ اور عمران خان کی پالیسیاں مختلف تھیں، عمران خان سمجھتے ہیں کہ ہمسایہ بدلا نہیں جاسکتا، عمران خان ہمیشہ بات چیت کی بات کرتا رہا ہے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ کس سے جنگ لڑنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی ملک سے باہر جانا چاہتے ہیںِ، آپ پاسپورٹ آفیس جاکر دیکھیں کتنا رش لگا ہوا ہے۔ ہمیں اپنے زخم بھول کو ملک کو آگے بڑھانا ہے۔

IMF

Hammad Azhar

Fawad Chaudhary

shehbaz gill