Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیخ رشید رات گئے گھر سے گرفتار

طبی معائنے کے بعد تھانہ سیکریٹریٹ منتقل
اپ ڈیٹ 02 فروری 2023 10:45am
شیخ رشید احمد پولی کلینک کے باہر
شیخ رشید احمد پولی کلینک کے باہر

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو اسلام آباد پولیس نے رات گئے ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔ انہیں طبی معائنے کے لیے پولی کلینک اسپتال لے جایا گیا جس کے بعد پولیس نے شیخ رشید کو تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا ہے۔

پولی کلینک میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ اسلام آباد پولیس نے پنجاب کی حدود میں کارروائی کی، ان کے ملازمین پر تشدد کیا جب کہ اصولی طور پر وہ چھ تاریخ تک ضمانت پر ہیں۔

اسلحہ برآمدگی اور نشے میں ہونے کا دعوی

اسلام آباد پولیس رات گئے راولپنڈی پہنچی۔ شیخ رشید کے گھرمیں داخل ہوئی اور اپنی ساتھ لے گئی۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ شیخ رشید سے اسلحہ برآمد ہوا اور وہ اس وقت نشے کی حالت میں تھے۔

شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے کہا کہ پولیس دو لائسنس یافتہ کلاشنکوفیں اور دو بلٹ پروف گاڑیاں لے گئی ہے۔

راشد شفیق نے کہاکہ شیخ رشید کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا جو پنجاب کی حدود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شراب اوراسلحہ رکھنا پولیس کیلئے مشکل نہیں، کچھ بھی ہو سکتا ہے، گرفتاری کے خلاف آج اسلام آباد ہائی کورٹ جائیں گے، توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔

شیخ رشید نے آبپارہ تھانے منتقل کے بعد ٹوئٹر پراپنی تصویر شیئرکی جس میں وہ پُرسکون انداز میں کرسی سے ٹیک لگائے سگار پیتے نظرآرہے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہاکہ میں نشے میں نہیں ہوں، میں زندگی میں کبھی شراب نہیں پی۔

انہوں نے کہاکہ میرے سب ملازمین کو پولیس نے مارا ہے، میرے گھر سے سب چیزیں لوٹ لیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا پولیس سیڑھیاں لگا کر گھر میں داخل ہوئی۔ پولیس نے مجھے زبردستی گھر سے اٹھایا، یہ سب رانا ثنا اللہ کے ایما پر ہوا۔

گرفتاری کا پس منظر

شیخ رشید احمد کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آب پارہ میں ایک شہری نے مقدمے کے لیے درخواست دی تھی۔ یہ درخواست شیخ رشید کے اس بیان کے حوالے سے تھی جس میں انہوں نے پی پی رہنما آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا الزام لگایا تھا۔

تھانہ آب پارہ نے شیخ رشید کو نوٹس جاری کیا جس میں انہیں پیش ہونے اور اپنے دعوے کے ثبوت پیش کرنے کے لیے کہا گیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے وکیل کے لیے نوٹس کا جواب دینے کی کوشش کی لیکن پولیس نے قبول نہیں کیا۔

بعد ازاں شیخ رشید کی جانب سے ہاتھ سے لکھی گئی ایک تحریر وائرل ہوئی جس میں انہوں نے کہاکہ انہوں نے عمران خان کے بیان کی بنیاد پر زرداری سے متعلق الزام عائد کیا تھا اور ان کے پاس مزید کوئی ثبوت نہیں۔

شیخ رشید نے اسلام آباد پولیس کے نوٹس کو چیلنج بھی کیا جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ پولیس نے تھانے کا نوٹس معطل کرتے ہوئے آئی جی کوہدایت کی وہ کسی سینئر افسر کو مقرر کریں جو چھ فروری کو عدالت کے سامنے پیش ہو۔

عدالتی سماعت کے حوالے سے اسلام آباد پولیس نے ایک بیان بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عدالت عالیہ نے سینئیر لاء افسر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس لیے کسی قسم کی رائے زنی نہیں کی جاسکتی ۔ عدالت کا حکم واضح ہے اس لیے من پسند تشریح سے گریز کریں۔ متعلقہ افراد سے گذارش ہے کہ حقائق کو توڑ موڑ کر پیش نہ کریں۔

پولی کلینک میں شیخ رشید کا طبی معائنہ

دوسری جانب پولی کلینک میں شیخ رشید کا طبی معائنہ کیا گیا، سابق وفاقی وزیر کو اسپتال کے سی ایم او روم 5 میں منتقل کیا گیا۔

سی ایم او میں ڈاکٹر انچارج نے شیخ رشید کا طبی معائنہ کیا، طبی معائنے کے دوران پولیس آفیشلز بھی اسپتال میں موجود رہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق شیخ رشید کا بلڈ پریشر چیک کیا گیا، ان کے نبض کی رفتار، شوگر اور دل کی دھڑکن بھی چیک کی گئی۔

پولیس شیخ رشید کو لے کر طبی معائنے کے بعد اسپتال سے واپس تھانے لے گئے۔

ڈاکٹرز نے شیخ رشید کی صحت تسلی بخش قرار دی، ان کی میڈیکل رپورٹ پولیس کے حوالے کر دی گئی۔

شیخ رشید کو تھانہ سیکریٹریٹ میں ناشتہ پہنچادیا گیا

دوسری جانب سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد گرفتاری کے بعد اس وقت تھانہ سیکرٹریٹ میں موجود ہیں، جہاں ان کے لئے ناشتہ پہنچایا گیا۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے ابلے ہوئے انڈے اور بریڈ کے ساتھ ناشتہ کیا، جس کے بعد انہوں نے معمولی چہل قدمی بھی کی۔

ذرائع نے بتایا کہ شیخ رشید ایڈیشنل ایس ایچ او کے کمرے میں موجود ہیں۔

شیخ رشید کو کچھ دیر میں یہاں سے عدالت منتقل کیا جائے گا، تھانہ سیکرٹریٹ پولیس شیخ رشید کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کرے گی، پولیس ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

اسلام آباد کچہری میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر کی عدالت کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

غیرمتعلقہ افراد کوعدالت کے اطراف میں نقل وحرکت کرنے سے منع کردیا گیا۔

شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او آبپارہ کے طلبی کے سمن کو معطل کیا جاتا ہے، آئندہ سماعت تک جاری شدہ نوٹس کی بابت تمام کارروائی معطل رہے گی، وکیل درخواست گزار کی جانب سے اٹھائے گئے نکات پر مزید بحث کی ضرورت ہے ۔

عدالتی حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کسی قانون جاننے والے آفیسر کو آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہونے کی ہدایت کریں، پولیس آفیسر تمام متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ عدالت پیش ہو۔

شیخ رشید کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے جاری کیا، تحریری حکم نامہ 3 صفحات پر مشتمل ہے۔

Sheikh Rasheed

sheikh Rasheed arrested