اونچی اڑان کے بعد ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی
اونچی اڑان کے بعد ڈالر کی پرواز نیچی ہوگئی جس کے بعد روپے کی قدر مستحکم ہونے لگی۔
مسلسل 3 سیشنز کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی ہے، انٹربینک میں ڈالر 4 روپے 63 پیسے سستا ہوگیا۔
جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 265 روپے پر آگیا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خرید و فروخت 276 روپے میں جاری رہی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اعشاریہ 65 فیصد اضافے کے بعد ڈالر 267.89 پر بند ہوا۔
گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 7 روپے 3 پیسے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت پہلی بار 269 روپے 63 پیسے تک پہنچ گئی تھی۔
جمعہ کو انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 262 روپے 60 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔
10 ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں کئی مرتبہ اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔
اس سے قبل 26 جنوری کو انٹربینک میں ڈالر 24 روپے 54 پیسے مہنگا ہوکر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 19 روپے اضافہ ہوا تھا۔
مذکورہ اضافے کے بعد سے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 255 روپے 43 پیسے پر پہنچ چکی تھی جبکہ اوپن مارکیٹ میں 262 کا ہوگیا تھا۔
ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت سے متعلق سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کے لئے مشکل ترین وقت شروع ہوچکا ہے، 75 سالہ مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط میں سے ایک شرط بھی یہ تھی کہ ڈالر کو مارکیٹ ریٹ چھوڑ دیا جائے۔
وزارت خزانہ کے سابق ترجمان مزمل اسلم نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ معیشت کی زبوں حالی اسحاق ڈار کا بروقت اقدام نہ اٹھانا ہے، نئی پٹرول کی قیمت 250 روپے سے اوپر ہوں گی، بجلی اور گیس کی قیمتوں کا تعین 250 کی قیمتوں سے ہوگا۔
Comments are closed on this story.