Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے 6 یونٹس سیل کردیے گئے

لال حویلی کو سیل کرنے کا آپریشن صبح سویرے کیا گیا
اپ ڈیٹ 30 جنوری 2023 09:33am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

راولپنڈی پولیس اور متروک وقف املاک نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے 6 یونٹس کو سیل کردیا۔

متروکہ وقف املاک راولپنڈی کی جانب سے شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کو سیل کرنے کا آپریشن صبح سویرے کیا گیا، آپریشن میں ایف آئی اے اور پولیس نے حصہ لیا۔

مزید پڑھیں: عدالت نے شیخ رشید کو لال حویلی خالی کرنے سے روک دیا

متروکہ وقف املاک کے مطابق لال حویلی کے ایک یونٹس کی رجسٹری کی تصدیق کے لئے حکام کو لکھا ہے۔

رجسٹری کی تصدیق پر سیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، سرکاری اراضی پر عرصہ دراز سے قبضہ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: لال حویلی خالی کرانے کا نوٹس کالعدم قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

بلڈنگز سیل کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری آپریشن میں شامل تھی۔

خیال رہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

مزید پڑھیں: لال حویلی سمیت 7 مختلف یونٹس پر شیخ برادران کا قبضہ غیر قانونی قرار

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس سے بے دخلی کا نوٹس جاری کیا گیا۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ زیر قبضہ اراضی یونٹس 7 دن میں خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا۔

جس کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویلی کے خلاف کارروائی عدالت میں چیلنج کردی تھی۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید کو لال حویلی سے 7روز میں بے دخلی کا نوٹس جاری

شیخ رشید نے راولپنڈی کے سول جج نوید اخترکی عدالت میں دائر اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ لال حویلی اور ملحقہ اراضی کیس ابھی زیر سماعت ہے، لال حویلی سے بے دخلی کا نوٹس اور کارروائی غیر قانونی ہے۔

حکومت کی کارروائی کے خلاف ہم آج ہی ہائیکورٹ جارہے ہیں، شیخ رشید

لال حویلی کے 6 یونٹس سیل کیے جانے کے بعد سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لال حویلی ہماری ملکیت ہے، رانا ثنا سارا نزلہ ہم پر گرارہے ہیں، حکومت کی کارروائی کے خلاف ہم آج ہی ہائیکورٹ جارہے ہیں، ہائیکورٹ کے بعد سپریم کورٹ ہے، ہم ملکیت کے کاغذ عدالت اور میڈیا کو دکھا دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ لال حویلی کے گردونواح میں ہنگامہ کرانا چاہتے ہیں، یہ اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، صبح پونے 4 بجے انہوں نے تالے لگائے ہیں، اگر ہماری پراپرٹی نہیں ہے تو الیکشن میں جائیں اور ہمیں تاحیات نااہل کرادیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لال حویلی میں ہمارے علاوہ 19 لوگ اور رہتے ہیں، میرا خیال تھا کہ یہ مجھے گرفتار کریں گے، اسی لئے میں اسلام آباد آگیا، رینجرز نے منع کیا تو یہ پولیس اور ایف سی کو لے آئے، انہوں نے کوئی نوٹس نہیں دیا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ہم جھگڑا نہیں کریں گے، آئین کے مطابق لڑیں گے، انشااللہ فتح حق کی ہوگی۔

rawalpindi

Sheikh Rasheed

seal

Awami Muslim League

Lal Haveli