’الیکشن کمیشن کہتا ہے گورنر الیکشن کی تاریخ دے، گورنر کہتا ہے میرا کام نہیں‘
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کر رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ یہ لوگ اپنا امپائر لاکر بھی بھاگ رہے ہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ نہیں دے رہا تو ناانصافی ہوگی۔
تیمور سلیم جھگڑا کے ساتھ کی گئی پریس کانفرنس میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ ایسے فیصلے کریں جس سے خیبرپختونخوا کو فائدہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کہتا ہے الیکشن کی تاریخ دینا میرا کام نہیں، جبکہ الیکشن کمیشن کہتا ہے گورنر الیکشن کی تاریخ دے۔
ملکی معشیت پر بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آئی ایم ایف و دیگر ممالک اس حکومت کو سنجیدہ ہی نہیں لے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا، موجودہ حکمرانوں کو فوری مستعفی ہوجانا چاہئے۔
میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ جمہوریت معاشی ایمرجنسی اور سیکیورٹی سے نہیں جڑی ہوئی، جمہوریت کا مطلب آئین پر عمل درآمد کرنا ہے
ان کا کہنا تھا کہ آئین کہتا ہے اسمبلی تحلیل کے بعد 90 روز میں الیکشن کرانا ہوں گے، آئین میں لکھا ہے کہ گورنر 90 دن کے اندر الیکشن کی تاریخ دے گا۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ جس نے الیکشن میں تاخیر کی اس کا نام جسٹس منیر کی طرح تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوریت اور معیشت کے ساتھ نہ کھیلیں، تین ارب ڈالر کا نقصان پچھلے تین مہینوں میں ہوا، ایل سیز بند ہونے کی وجہ سے جانوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے، ملک میں کیجنسر کی ادویات نہیں ہیں، ایکسرے کی فلمز ختم ہوگئی ہیں۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ان حالات سے تو بہتر ہوتا 9 ماہ پہلے الیکشن کرواتے۔
Comments are closed on this story.