بجلی بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی فراہم کرنے والی مین لائن پھٹ گئی
حالیہ بجلی بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی مین لائن بیک پریشر سے پھٹ گئی۔
چیف انجنیئر الیکٹریکل اینڈ مکینیکل (ایم اینڈ ڈی) انتخاب راجپوت کے مطابق بریک ڈاؤن سے پورے شہر کو پمپنگ کا عمل رُک گیا، سسٹم میں اس وقت 196 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہے جب کہ شہر کو روزانہ 550ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
دوسری جابنب حکام واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ پھٹنے والی مین لائن پر مرمتی کام شروع ہو چکا ہے جو رات تک مکمل کرلیا جائے گا، البتہ پانی کی فراہمی بجلی آنے کے بعد ہی ممکن ہوسکے گی۔
چیف انجینئر ایم اینڈ ڈی نے بتایا کہ پانی کی سپلائی نارمل ہونے میں72 گھنٹے لگیں گے، شہر کو پانی فراہم کرنے والے تمام پمس بند ہیں۔
پائپ لائن کے متاثر ہونے کے باعث پانی کی فراہمی میں تعطل آگیا سی ای او واٹر بورڈ نے شہریوں سے پانی کا ذخیرہ کرنے کی اپیل کردی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شہری پانی کا ذخیرہ کرلیں تاکہ پریشانی نہ ہو جبکہ چیف انجینئر نے کہا کہ متاثر لائن کا مرمتی کام 48 گھنٹوں میں مکمل ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔
بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں کام متاثر ہوا ہے۔
Comments are closed on this story.