گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 271 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل
اسلام آباد: گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے 271 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی رکنیت معطل کردی۔
الیکشن کمیشن نے 271 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کردی ہے جن میں قومی اسمبلی کے 136 ارکان اور 21 سینیٹرز شامل ہیں۔
ای سی پی نے سندھ اسمبلی کے 48، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 54اور بلوچستان اسمبلی کے 12 ارکان کی رکنیت بھی معطل کردی جب کہ پنجاب اسمبلی اراکین کی تعداد اسمبلی تحلیل ہونے کی وجہ سے جاری نہیں کی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق معطل ممبران اعتماد کے ووٹ، قانون سازی سمیت دیگر اسمبلی اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے271 اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کردی، قومی اسمبلی کے 136 قانون ساز اس زد میں آئے جن میں خواجہ آصف، محسن رانجھا،احسن اقبال، طارق بشیر چیمہ، نوید قمر اور نورعالم بھی شامل ہیں۔
تحریک انصاف کے اسد قیصر،عمر ایوب، شہریار آفریدی، نورالحق قادری، شفقت محمود، زرتاج گل سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے 21 سینیٹرز کی رکنیت بھی معطل کردی جن میں شوکت ترین، عبدالغفور حیدری، احمد خان، اعظم سواتی، ثانیہ نشتر اور انوار الحق کاکڑ شامل ہیں۔
اراکین کی رکنیت مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پرمعطل کی گئی، سینیٹرز نے 31 دسمبر تک گوشوارے جمع کرانے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں مزید 15 روز کی مہلت دی تاہم اراکین گوشورے جمع نہ کراسکے۔
Comments are closed on this story.