Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلدیاتی انتخابات نزدیک آتے ہی سیاسی جماعتوں کی کراچی میں انتخابی مہم شروع

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 15 جنوری کو ہوگی
اپ ڈیٹ 08 جنوری 2023 03:37pm
پی ٹی آئی کی  سندھ میں سیاسی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ جاری - تصویر/ فیس بک
پی ٹی آئی کی سندھ میں سیاسی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ جاری - تصویر/ فیس بک

بلدیاتی انتخابات کے نزدیک آتے ہی سیاسی جماعتوں نے کراچی میں انتخابی مہم شروع کردی ہے جس کے لئے جگہ جگہ ریلیوں، جلسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

پیپلزپارٹی کی عوامی رابطہ مہم ریلی

پاکستان پیپلزپارٹی کے تحت ریلی کا انعقاد کیا جا رہا، جس کا آغاز بلاول ہاوس چورنگی سے ہوگا، جو میٹروپول سے ہوتی ہوئی شاہراہ فیصل، کارساز سے اسٹار گیٹ اختتام ہوگی۔

پی پی پی کی ریلی میں قائدین کی تقاریر، میڈیا اور ساونڈ سسٹم کیلئے علیحدہ علیحدہ ٹرک بلاول ہاوس چورنگی پہنچادیے گئے ہیں جبکہ ریلی سے صوبائی اور کراچی ڈویژن کے قائدین خطاب کریں گے۔

تحریک انصاف خواتین کنونشن

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں آج خواتین کنونشن کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس سے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے سینیئر رہنماء اسد عمر اور کنول شوزب خطاب کریں گے۔

تحریک انصاف کے خواتین کنونشن کا انعقاد گلستانِ جوہر کراچی میں کیا جائے گا، جس کے لئے تیاریاں کی جارہی ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ میں سیاسی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ جاری ہے۔

جماعت اسلامی کا ’اعلان کراچی‘ جناح جلسہ

  حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی باغ جناح گراؤنڈ میں انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں
حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی باغ جناح گراؤنڈ میں انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں

جماعت اسلامی نے مزار قائد سے متصل گراؤنڈ باغ جناح میں ’ اعلان کراچی’ جلسے کے لیے پنڈال سجا لیا اور بڑی تعداد میں کرسیوں کے ساتھ پارٹی پرچم اور پینا فلیکس لگا دئیے ہیں۔

جلسے میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نماز عصر کے بعد صدارتی خطاب کریں گے، شہر کے مختلف مقامات سے قافلے اس جلسے میں شرکت کریں گے، جلسے میں خواتین کے لیے الگ حصہ مختص ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تاریخ 15 جنوری مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت کراچی اور حیدرآباد میں ووٹنگ ہوگی۔

Sindh Local Body Election