پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کی قیادت میں نئی پارٹی کے قیام کی تیاریاں
پنجاب میں پی ٹی آئی کا زور توڑنے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چئیرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا مبینہ منصوبہ سامنے آگیا، پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کی قیادت میں نئی پارٹی کے قیام کی تیاریاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کی قیادت میں ایک نیا گروپ بنانے کی تیاری کی گئی ہے، نئے گروپ کی تشکیل کے لئے رابطوں اور ملاقاتوں کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل اور جنوبی پنجاب کے اہم خاندانوں کے چشم وچراغوں کا نئے گروپ کا حصہ بنانے پر کام شروع ہو چکا ہے۔
پی ٹی آئی کے باغی ارکان جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان اور چوہدری سرور گروپ کے لوگوں کو نئے گروپ میں کلیدی عہدے دئیے جانے پر مشاورت جاری ہے۔
نئے گروپ کی قیادت پی ٹی آئی پنجاب کی سابق اہم شخصیت کرسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں نیا گروپ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت انتخابات میں حصہ لے سکتا ہے اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے مضبوط حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کر سکتا ہے۔
نئے گروپ کو پنجاب اسمبلی کی 40 سے 45 سیٹیں اور قومی اسمبلی کی کم از کم 15 سے 20 نشستیں جیتنے کا ٹارگٹ دیا جائے گا۔
نئی جماعت کی جیت کی صورت میں پنجاب میں اگلا وزیراعلیٰ اسی جماعت سے ہونے کا قوی امکان ہوگا۔
Comments are closed on this story.