Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سال نو پر سی ویو کیلئے ٹریفک پلان جاری، ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان واپس

سی ویو پر راستے ون وے کر دیئے گئے
اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2022 03:16pm
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ نقشہ جس میں سی ویو پر ٹریفک کا بہاؤ دکھایا گیا ہے۔ کئی سڑکوں پر صرف یک طرفہ(ون وے) ٹریفک کی اجازت دی گئی ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ نقشہ جس میں سی ویو پر ٹریفک کا بہاؤ دکھایا گیا ہے۔ کئی سڑکوں پر صرف یک طرفہ(ون وے) ٹریفک کی اجازت دی گئی ہے۔

کراچی میں پولیس نے سال نو کے جشن کے موقع پر سی ویو پر پہنچنے والے شہریوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے تحت کئی راستے ون وے کر دیئے گئے ہیں۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ نے شہرمیں ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان واپس لے لیا ہے۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی کا ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں یہ بھی کہا گیا کہ کراچی میں سالِ نو کے موقع پر دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے شہر میں ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 31 دسمبرسے یکم جنوری 2023 تک ہوگا۔

تاہم بعد میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی، وزیر اعلی کا کہناہے کہ مجھے امید ہے کہ نوجوان ڈبل سواری پر پابندی کے خاتمے کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ٹوئٹر پر کہا کہ کراچی میں ڈبل سواری پر کوئی پابندی نہیں۔ لوگ نئے سال کا جشن منا سکتے ہیں لیکن عاجزانہ درخواست ہے کہ ہوائی فائرنگ، سڑکوں کو جام کرنے اور ون ویلنگ سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سی ویو کے قریب سڑکوں پر یک طرفہ ٹریفک کی اجازت

کراچی میں سال نو کا جشن منانے کے لیے لوگ سی ویو کے ساحل کا رخ کرتے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے سال نو کی رات کے لیے ٹریفک پلان جاری کیا ہے جس میں ڈی ایچ اے کے رہائشیوں اور سی ویو پر جشن کے لیے آنے والوں کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ٹریفک پلان کے تحت درج ذیل سڑکیں بند کردی گئی ہیں یا ان پر صرف ایک طرف سے جانے کی اجازت ہے۔

  • مکڈونلڈ سی ویو سے ویلج ریسٹورنٹ اور خیابان خالد کے کٹ تک سڑک ون وے کر دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کے جاری کردہ نقشے سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ میکڈونلڈ سے خیابان خالد کے کونے کی طرف جا سکیں گے لیکن مخالف سمت میں جانے کی اجازت نہیں گی۔

  • صبا اتحاد سگنل سے ویلج ریسٹورنٹ تک سڑک بند ہوگی

  • دو دریا سے آتے ہوئے خیابان خالد سے لے کر کلاک ٹاور تک سڑک بند ہوگی۔

ٹریفک پلان میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام شہری جو ایکسپریس وے اور کورنگی روڈ سے براستہ اختر کالونی خیابان اتحاد سے سی ویو کی طرف آنا چاہیں وہ صبا اتحاد سگنل سے دائیں جانب خیابان شمشیر سے ہوتے ہوئے سی ویو کی جانب جا سکیں گے اور واپسی کے لیے سی ویو روڈ سے خیابان خالد کے کٹ سے بائیں جانب 26 اسٹریٹ، اتحاد صبا سگنل، عائشہ مسجد، کریک روڈ سے قیوم آباد کی طرف جا سکیں گے۔ (نوٹ اتحاد صبا سگنل کی جانب ویلج ریسٹورنٹ جانے والا راستہ بند ہوگا۔)

پلان کے مطابق اسی طرح آوری لائٹ سگنل میٹروپول، سندھ کلب، ہوشنگ چوک، تین تلوار سے آنے والے افراد ریس کورس سگنل، گزری برج، سعودی قونصل خانے والے سگنل سے دائیں جانب خیابان شمسیر سے مکڈونلڈ سی ویو ویلج ریسٹورنٹ بائیں جانب خیابان اتحاد سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی جانب جا سکیں گے۔ یا خیابان خالد سے 26اسٹریٹ سے خیابان اتحاد، عائشہ مسجد کی طرف جا سکیں گے۔

جناح برج سے آنے والے افراد مائی کولاچی سے بوٹ بیسن خیابان جامی، پنجاب چورنگی سن سیٹ بلیوارڈ سگنل اور کورنگی روڈ سے اپنی منزل کی طرف جا سکیں گے۔ یا پھر یہ افراد بوٹ بیسن سے بلاول چورنگی، علی بابا چورنگی، ہائپر اسٹار مکڈونلڈ سے سی ویو، ویلج ریسٹورنٹ سے بائیں جانب خیابان اتحاد سے کورنگی روڈ جا سکیں گے۔

ماڑی پور سے براستہ جناح برج مائی کولاچی کی جانب کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ ٹریفک براستہ جناح برج حب ریور روڈ یا شارع پاکستان سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی جانب جا سکے گی۔ تاہم چھوٹی گاڑیاں جناح برج سے مائی کولاچی اور ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی چوک اور شاہین چوک سے شارع فیصل پر جا سکیں گی۔

تمام بڑی گاڑیوں واٹر ٹینکرز، ِڈمپر، ٹرالرز کو رات 2 بجے کے بعد ہی شہر میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ کراچی پورٹ ایریا اور کورنگی انڈسٹریل ایریا سے ساؤتھ میں کوئی بڑی گاڑی داخل نہیں ہوگی۔

ڈیفنس اور کلفٹن میں شام چھ بجے کے بعد ٹینکرز کی اجازت نہیں ہوگی۔

پولیس نے یہ وارننگ بھی دی ہے کہ بغیر سائنسلر موٹرسائیکل چلانے والوں اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

karachi

New Year Night

New Year Eve 2023

Karachi traffic plan

New Year Eve traffic Plan