Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکہ کینیڈا میں آنیوالا ’بم سائیکلون‘ کیا ہے اور نام کیسے پڑا

حالیہ طوفان کو اصل نام سے نہیں پکارا جا رہا
شائع 26 دسمبر 2022 04:49pm
سٹیلائیٹ سے لی گئی اس تصویر میں بم سائیکلون امریکہ کے شمال مشرقی علاقے میں دیکھا جا سکتا ہے۔
سٹیلائیٹ سے لی گئی اس تصویر میں بم سائیکلون امریکہ کے شمال مشرقی علاقے میں دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکہ اور کینیڈا میں اس وقت برفانی طوفان نے تباہی مچا رکھی ہے اور 50 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس طوفان کو ’بم سائیکلون‘ کہا جا رہا ہے تاہم یہ اس کا اصل نام نہیں۔ اس طوفان کو بم سائیکلون کہنے کی وجہ کچھ اور ہے۔

شمالی امریکہ میں لگ بھگ 25 کروڑ افراد اس وقت جس سرمائی طوفان کا سامنا کر رہے ہیں اس کا نام ”ایلیٹ“ ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ 40 برسوں یہ شمالی امریکہ میں شدید ترین طوفان ہے۔

موسمیاتی ماہرین اور صحافی دونوں ہی سرمائی طوفان ایلیٹ کا نام لینے کے بجائے اسے ’بم سائیکلون‘ کہہ رہے ہیں۔ لفظ بم سائیکلون درحقیقت طوفان کی خاصیت بیان کرتا ہے۔

بم سائیکلون کیا ہے

امریکہ میں ویدر چینل کے ماہر مائیک بیٹیز کے مطابق بم سائیکلون کی اصطلاح 1948 میں ایجاد ہوئی تھی۔ ہر ایسے طوفان کو بم سائیکلون کہا جاتا ہے جو کسی علاقے میں ہوا کا دباؤ نہایت تیزی سے گرنے کے سبب پیدا ہو۔

ویسے تو تقریباً تمام طوفان ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں لیکن جب کسی علاقے میں 24 گھنٹے کے اندر اندر ہوا کا دباؤ 24 ملی بار سے زیادہ کم ہوجائے تو اسے بمبو جینیسس bombogenesis کہتے ہیں۔ یہ لفظ دو انگریزی الفاظ bomb اور cyclogenesis یعنی سائیکلون بننے کے عمل کا مجموعہ ہے۔ بمبوجینیسس کے سبب پیدا ہونے والے طوفان کو بم سائیکلون کہا جاتا ہے۔

بم سائیکلون کے دوران زوردار برفباری ہوتی ہے اور تیز ہوائیں چلتی ہیں۔ اڑتی پھرتی برف اور حد نگاہ کم ہو جانے کے سبب ایسے حالات میں سفر کرنا ممکن نہیں رہتا۔

بم سائیکلون عام برفباری سے یکسر مختلف ہوتا ہے۔ اس طوفان کے آتے ہی درجہ حرارت تیزی سے گرتا ہے۔ حالیہ طوفان کے دوران کئی مقامات پر چند گھنٹے میں درجہ حرارت میں 11 درجے سیلسیس کمی ہوئی۔

بم سائیکلون کیوں آیا

دنیا کے دیگر خطوں کی طرح شمالی امریکہ میں سردیوں کا سبب قطبی خطے سے چلنے والی ہوائیں بنتی ہیں۔ عام حالات میں قطب شمالی کی سرد ہواؤں اور نیچے کی گرم ہواؤں کے درمیان ایک جیٹ اسٹریم یا تیز ہوا کی حد فاصل قائم رہتی ہے۔ جب بھی اس فصیل میں خلا آتا ہے قطب شمالی کی ہوا تیزی سے جنوب کی طرف بڑھتی ہے۔ اس عمل کو آرکٹک بلاسٹ (arctic blast) کہا جاتا ہے۔

شمال سے ہوا کینیڈا میں داخل ہوتی ہے وہاں سے جنوب میں یعنی امریکہ کی جانب بڑھتی ہے۔ کینیڈا اور امریکہ کی سرحد پر بڑی بڑی جھیلییں ہیں جنہیں Great Lakes کہا جاتا ہے۔

کینیڈا سے آنیوالی سرد ہوا جب دونوں ممالک کے سرحدی علاقے میں موجود جھیلوں کے اوپر سے گزرتی ہے تو اس دوران جھیلوں کے گرم پانی سے نمی ہوا میں شامل ہو جاتی ہے۔

نمی سے بھرپور یہ ہوا امریکہ پہنچ کر برفباری کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ اگر ہوا کے دباؤ میں تیزی سے تبدیلی آئے تو اس کا نتیجہ بم سائیکلون کی صورت میں نکلتا ہے۔

Snow Storm

US storm

canada storm

bomb cyclone

winter storm