Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
11 Rajab 1446  

روس نے ایران سے تبادلے کے ذریعے پاکستان کو گیس بیچنے کی تجویز دے دی

الیگزینڈر نواک کی یورپ کو فراہمی بحال کرنے کی بھی پیشکش
شائع 26 دسمبر 2022 09:23am
روسی نائب وزیراعظم الیگزینڈر نواک
روسی نائب وزیراعظم الیگزینڈر نواک

روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نواک نے ایران سے تبادلے کے ذریعے پاکستان کو قدرتی گیس فراہم کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

روس نے یورپ کو بھی گیس کی فراہمی بحال کرنے کی پیشکش کی ہے۔

یوکرائن جنگ کے سبب یورپ نے روس سے گیس کی خریداری کم کردی ہے جس کے نتیجے میں وہاں گیس کی قلت پیدا ہوئی۔ یورپی ممالک نے گیس خریدنے کے لیے جب مشرق وسطیٰ کا رخ کیا تو یہاں گیس مہنگی ہوگئی اور اس وجہ سے پاکستان جیسے ممالک بد ترین گیس بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔

روسی خبر رسان ادارے ”تاس“ کو انٹرویو میں نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوک نے جہاں یورپ کو گیس کی دوبارہ فروخت کی پیشکش کی وہیں انہوں نے آنے والے وقتوں میں افغانستان اور پاکستان کو قدرتی گیس فراہم کرنے کے امکانات پر بھی بات کی۔

الیگزینڈر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو گیس یا تو مشرق وسطیٰ کے موجودہ انفرااسٹرکچر کو ا استعمال کرتے ہوئے برآمد کی جا سکتی ہے یا پھر ایران کی سرزمین کے ذریعے تبادلہ ہو سکتا ہے۔

تبادلے کی وضاحت کرتے ہوئے روسی نائب وزیراعظم نے کہاکہ اس میں یہ ہوگا کہ ایران اپنے جنوب میں موجود اپنی گیس روس کے حوالے کردے گا جو اسے پاکستان اور افغانستان کو بیچے گا جب کہ بدلے میں روس ایران کے شمالی علاقوں کو گیس فراہم کرے گا۔

یاد رہے کہ ایران پر عالمی پابندیوں کے سبب پاکستان تہران سے براہ راست گیس نہیں خرید رہا۔ اگرچہ روس پر بھی عالمی پابندیاں ہیں لیکن ان کی نوعیت مختلف ہے۔

اپنے طویل انٹرویو میں روسی نائب وزیراعظم نے ترکی کے ذریعے دنیا کو گیس فروخت کرنے کی بات بھی کی۔