اسلام آباد میں دھماکے کے بعد کراچی کی سیکیورٹی بھی الرٹ
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے اسلام آباد میں دھماکے کے پیش نظر نماز جمعہ کے موقع پر شہر قائد میں تمام ترحفاظتی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اورغیر معمولی بنانے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔
نماز جمعہ کے موقع پر مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف اور مرکزی راستوں پر سادہ لباس اور باوردی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ نمازیوں کی سیکیورٹی کے لئے تمام تھانہ جات کی سطح پر رابطوں کے تحت ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ مساجد اور امام بارگاہوں سے فاصلے پر یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی مشکوک حرکت سرگرمی یا مشتبہ فرد، افراد و لاوارث گاڑی بیگ پارسل وغیرہ کی اطلاع فوری مددگار 15 یا قریبی موبائل تھانہ کو دیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق شہرمیں تعینات تمام سب ڈویژنل آفیسرز اور ایس ایچ اوز نماز جمعہ کے اختتام تک ازخود سکیورٹی اقدامات کی نگرانی کریں گے اورنماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ڈیوٹی مقام کو ہرگز نہ چھوڑنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہرمیں سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی، کوتاہی پر سخت قانونی و محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments are closed on this story.