Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلام آباد: خودکش دھماکے میں اہلکار شہید، بمبار سمیت 2 ہلاک

پانچ پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی
اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2022 03:21pm
دھماکہ رہائشی علاقے کی ایک مرکزی سڑک پر ہوا۔ تصویر سوشل میڈیا
دھماکہ رہائشی علاقے کی ایک مرکزی سڑک پر ہوا۔ تصویر سوشل میڈیا

اہم نکات

  • گاڑی میں ایک خاتون اور مرد سوار تھے، ڈی آئی جی
  • بمبار کسی سرکاری عمارت کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ سیکورٹی ذرائع

**اسلام آباد میں ایک ”خود کش“ کار بم دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے جب کہ مشتبہ بمبار سمیت گاڑی میں موجود 2 افراد بھی مارے گئے۔ دھماکے کے بعد کار میں آگ لگ گئی۔٭٭

پولیس حکام نے شروع میں کہا کہ گاڑی میں ایک خاتون اور ایک مرد موجود تھے تاہم ابتدائی تحقیقات میں حکام کا خیال ہے کہ گاڑی میں خاتون نہیں تھی بلکہ ایک خودکش بمبار اور ایک ٹیکسی ڈرائیور تھا۔

آئی ٹین فور میں دھماکہ 11 بجے کے قریب ہوا۔ ابتدائی اطلاعات میں سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ مبینہ طورپر ایک خودکش دھماکہ تھا، اسلام آباد اور راولپنڈی کو الگ کرنے والی آئی جی پی روڈ سے ایک کار اسلام آباد کے سیکٹرآئی ٹین فور میں داخل ہوئی، وفاقی دارالحکومت میں پولیس نے گاڑی کو مشتبہ جان کر تلاشی کے لیے روکنے کی کوشش کی جس پر مبینہ خودکش بمبار نے دھماکا کردیا۔

دھماکے سے وہ گاڑی تباہ ہوگئی جس میں مبینہ بمبار سوار تھا۔ تصویر سوشل میڈیا
دھماکے سے وہ گاڑی تباہ ہوگئی جس میں مبینہ بمبار سوار تھا۔ تصویر سوشل میڈیا

بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے دھماکے کے حوالے سے جاری ایک بیان میں کہاکہ ”اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ تھی اور چیکنگ چل رہی تھی، پولیس جوانوں نے چیکنگ کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روکا۔ گاڑی رکتے ہی خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک پولیس جوان شہید ہوگیا ہے۔ ہیڈکانسٹیبل عدیل حسین درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔“

ڈی آئی جی اسلام آباد سہیل ظفر چٹھہ نے صحافیوں کو بتایا کہ گاڑی کومشکوک سمجھ کرروکا گیا تھا، گاڑی کے اندرایک مرداورایک خاتون موجود تھیں۔ انہوں نے کہاکہ گاڑی کو روک کر تلاشی لی جا رہی تھی، لمبے بالوں والے مرد تلاشی کے دوران بہانے سے واپس گاڑی کے اندر گیا اور اس نے خود کو اور گاڑی کو اڑا دیا۔

چٹھہ نے کہاکہ دھماکےمیں ایک پولیس اہلکارشہیداورتین چار زخمی ہوئے۔

 اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں دھماکے کا مقام
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں دھماکے کا مقام

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ تفتیش کےبعد مزید معلومات شیئرکریں گے، مرنے والوں کی لاشوں کے ٹکڑے جمع کر لیے گئے ہیں۔

پمز اسپتال میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد مسعود نے بتایا کہ وہاں خودکش دھماکے کے 10 زخمی لائے گئے جن میں سے 5اہلکار اور5شہری ہیں۔

خالد مسعود نے کہاکہ شہریوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، زخمیوں کی بہترین طبی امداد دی جارہی ہے اور کسی کی حالت کی حالت تشویشناک نہیں۔

خالدمسعود نے کہا کہ ہمارے پاس2ڈیڈ باڈیز آئی ہیں، ایک پولیس اہلکار شہید ہوا ہے، دوسری ڈیڈ باڈی کی شناخت کی جارہی ہے۔

بڑی تباہی ٹل گئی

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے اسلام آباد کو بڑے سانحہ سے بچا لیا اور یہ کہ حملہ آور کا ہدف سرکاری عمارت تھی۔

دھماکے کے فوراً بعد لی گئی تصاویر میں ایک گاڑی کے ٹکڑے سڑک پر پڑے ہیں جب کہ ایک بڑے ٹکڑے میں آگ لگی ہوئی ہے۔ ایک لاش گاڑی سے کئی فٹ دوڑ گری۔

دھماکے سے پولیس کی ایک موبائل اور دیگر گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکہ آئی ٹین چار کے سروس روڈ ایسٹ پر ہوا ہے دھماکے کے بعد ٹریفک کے لیے بند ہوگیا۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر دونوں جانب ڈائورژن بنا دیئے ہیں۔

شہریوں کو سروس روڈ ویسٹ کو بطور متبادل استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹی ٹی پی نے ذمہ داری قبول کر لی

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

کالعدم تنظیم کے ایک ترجمان نے کہا کہ انہوں نے اپنے ایک سینئر کمانڈر کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے حملہ کیا۔

اسلام آباد

bomb blast

Islamabad Blast

Islamabad explosion