لیاری نرسنگ کالج سے تبادلہ، سابق پرنسپل نے پریس کلب کے سامنے خود پر پیٹرول چھڑک لیا
کراچی کے لیاری نرسنگ کالج میں پرنسپل کے تبادلے کے معاملے پر میڈیکل کالج کی سابقہ پرنسپل شبانہ بلوچ پریس کلب کے باہر پیٹرول لے کر پہنچ گئیں۔
شبانہ نے خود پر پیٹرول چھڑک لیا، خواتین پولیس اہلکار نے خاتون کو روکا۔
سابقہ پرنسپل، رکن اسمبلی عبدالرشید اور وزیر صحت کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔
سابقہ پرنسپل کا کہنا تھا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میں کالج میں جماعت اسلامی کا یونٹ نہیں بنانے دے رہی، عبدالرشید کے کہنے پر میرا تبادلہ لیاقت آباد کیا گیا۔
انہوں نے پریس کلب کے باہر گو رشید گو کے نعرے لگائے۔
سابق پرنسپل نے کہا کہ ایم پی اے عبدالرشید میرے خلاف ایف آئی آر کٹوانا چاہتے ہیں۔ میں پیپلزپارٹی سے ہوں لیکن میرا کوئی کیوں نہیں پوچھ رہا، ایم پی اے عبدالرشید مجھے دھمکیاں دے رہا ہے۔
سابق پرنسپل کا چند روز قبل تبادلہ کر دیا گیا تھا، ان کا مطالبہ ہے کہ میں لیاری کی رہائشی ہوں مجھے لیاری میں ہی تعینات کیا جائے۔
شبانہ کا کہنا ہے کہ 3 گھنٹے میں مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو خود سوزی کرلوں گی۔
پرنسپل شبانہ کا تبادلہ نومبر میں لیاقت آباد کے سندھ گورنمنٹ اسپتال کے نرسنگ کالج میں کیا جا چکا ہے، جب کہ ان کی جگہ لیاری نرسنگ کالج میں ڈاکٹر ارشاد احمد کو پوسٹنگ دی گئی تھی، جو قطر اسپتال کے نرسنگ کالج کے پرنسپل تھے۔
Comments are closed on this story.