Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

شہباز گل پر درج مقدمے کے خاتمے کیلئے درخواست دائر

شہباز گل پر درج مقدمے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی۔
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2022 01:10pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل پر درج مقدمے کے خاتمے کیلئے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

کیس کی سماعت جسٹس عبدالحمید بلوچ نے کی، جبکہ کیس کی پیروی انصاف لائرز فورم کے اقبال شاہ ایڈوکیٹ شمس رند ایڈوکیٹ اور علی حسن بگٹی و دیگر نے کی۔

درخواست میں بتایا گیا کہ ایک شخص نے قلعہ عبداللہ میں شہباز گل پر ایف آئی آر درج کی تھی، ایک عام شخص نے موبائل پر ویڈیو دیکھ کر بے بنیاد ایف آئی آر درج کرادی ہے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دئے کہ جب تک سیاستدان اپنے مفادات نہیں چھوڑتے یہ ہوتا رہے گا، یہ اقتدار کی جنگ ہے اختلافات کی نہیں، میر شکیل الرحمن پر جب 50 ایف آئی آرز ہوئیں تب بھی آپ کو آنا چاہیے تھا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اقتدار کیلئے سیاستدان سمجھوتا کرتے ہیں، سیاستدانوں کو سوچنا چاہئے آج اقتدار میں ہیں تو کل اپوزیشن میں ہوں گے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔

شہباز گل کے وکیل اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ شہباز گل پر درج مقدمے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے درج تمام مقدمات غیر قانونی ہیں۔

شہباز گل کے خلاف قلعہ عبداللہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، گرفتاری کیلئے شہباز گل سے بلوچستان پولیس نے رابطہ بھی کیا تھا۔

shehbaz gill

FIRs

Balochistan High Court

Politics Dec20 2022