پرویز الہٰی کی تنقید پر پی ٹی آئی قیادت نے سر جوڑ لئے
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے سر جوڑ لئے ہیں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے اپنے بیان میں عمران خان کی جانب سے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو بار بار تنقید کا نشانہ بنانے پر خفگی کا اظہار کیا تھا اور عمران خان کو وارننگ بھی دی تھی۔
جنرل (ر) باجوہ کے عمران خان پر بہت احسانات ہیں، احسان فراموشی نہ کی جائے، پرویز الہٰی
چوہدری پرویز الہٰی کے اس بیان پر لاہور کے زمان پارک میں عمران خان کی زیرِصدارت پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا اجلاس جاری ہے۔
اس حوالے سے سینئیر صحافی شوکت پراچہ کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کے اعلان کے بعد پہلا ہی دن ان کیلئے مشکلات لے آیا ہے، چوہدری پرویز الہٰی نے گزشتہ روز ڈھائی بجے ہونے والی میٹنگ میں جنرل باجوہ پر تنقید پر اعتراض کیا تھا، لیکن عمران خان نے رات کو خطاب میں پھر وہی باتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ حکومتیں چھوڑنے کو تیار ہیں ، وزارت اعلیٰ چھوڑ رہے ہیں تو اس مرحلے پر آپ کو ہم خیال ہونا چاہئیے، ایک پیج پر ہونا چاہئیے۔
شوکت پراچہ کا کہنا تھا کہ یہ ”ٹپ آف آئس برگ“ ہے اس کے نیچے بہت کچھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پرویز الہٰی کی باتوں کا بالکل الٹ کر رہے ہیں، وہ اپنی ناکامی کا پورا ملبہ جنرل باجوہ پر ڈالتے ہیں۔
Comments are closed on this story.