Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

میجر شبیر شریف شہید کا آج 51 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے

انہوں نے 1971 کی پاک بھارت جنگ میں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا
شائع 06 دسمبر 2022 09:58am
میجر شبیر شریف شہید
میجر شبیر شریف شہید

حویلی لکھا کے سرحدی علاقے سلیمانکی سیکٹر میں1971 کی پاک بھارت جنگ میں پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو ناکوں چنے چبوانے والے پاکستان کے عظیم سپوت میجر شبیر شریف شہید کا آج 51 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے ۔

میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1943 کو پنجاب کے ضلع گجرات میں پیدا ہوئے، 19 اپریل 1964 کو پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا،3 دسمبر 1971 کو میجر شبیر شریف شہید سلیمانکی سیکٹر میں فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی ایک کمپنی کی کمانڈ کر رہے تھے، ان کو ایک اونچے بند پر قبضہ کرنے کی مہم سونپی گئی جہاں سے دو گاؤں گورمکھ کھڑا اور بیری والا زد میں آ سکتے تھے ۔

میجر شبیر شریف شہید کو اس پوزیشن تک پہنچنے کے لئے پہلے دشمن کی بارودی سرنگوں کے علاقے سے گزرنا تھا اور پھر 100 فٹ چوڑی اور 18 فٹ گہری ایک دفاعی نہر ثبونہ کو تیر کر عبور کرنا تھا ، دشمن کی شدید گولہ باری کے باوجود مشکل مرحلہ طے کیا اور اپنی کمپنی کی قیادت کرتے ہوئے دشمن پر سامنے سے ٹوٹ پڑے ۔

3 دسمبر کی شام تک اس کی قلعہ بندیوں سے باہر نکال دیا، گھمسان کے اس معرکہ میں دشمن کے 43 سپاہی مار دیے اور 28 کو قیدی بنا لیا گیا، متعدد ٹینکوں کو بھی تباہ کر دیا، بھارتی فوج کے کمانڈر میجر نارائن کو ہلاک کرکے اس کے قبضے سے قیمتی دستاویزات حاصل کر لیں۔

6 دسمبر کی دوپہر کو دشمن کے ایک اور حملے کا دفاع کرتے ہوئے میجر شبیر شریف شہید اپنے توپچی کی اینٹی آئر کرفٹ گن سے دشمن کے ٹینکوں پر گولہ باری کر رہے تھے کہ دشمن کے ٹینک کا ایک گولہ انہیں آ لگا اور وہ شہید ہو گئے ۔

دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کرنے پر گورنمنٹ پاکستان کی جانب سے میجر شبیر شریف شہید کو نشان حیدر سے نوازا گیا۔

میجر شبیر شریف شہید واحد فوجی افسر ہیں جن کو نشان جرات اور نشان حیدر عطا کیا گیا۔

pakistan army

haveli lakha

major shabbir sharif