Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب اسمبلی استعفے، وزیراعلیٰ پنجاب کا عمران خان کی مکمل حمایت کا اعلان

پرویز الہٰی نے اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق تجاویز عمران خان کے سامنے رکھیں۔
شائع 01 دسمبر 2022 04:41pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب اسمبلی کو تحلیل کئے جانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسمبلیوں سے استعفے دینے کے فیصلے کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔

ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور ٹیکنیکل پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔

پرویز الہیٰ اور عمران خان نے اپوزیشن کے ہرغیرآئینی ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم کیا۔

ملاقات میں چوہدری پرویز الہٰی نے اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق تجاویز عمران خان کے سامنے رکھیں۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ استعفے دینے کا فیصلہ عمران خان کا ہے، ہم اس فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل یا مستعفی ہونے پر ملک عام انتخابات کی طرف جانا چاہئے، اسمبلی تحلیل کرنے سے قبل آئینی آپشنز اور پی ڈی ایم کی متوقع حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس تحریک لانے کیلئے مطلوبہ اکثریت موجود نہیں، پی ڈی ایم صرف شور شرابا کر رہی ہے، انہیں ایوان میں شکست فاش دیں گے۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی برابر بھی تاخیر نہیں ہوگی، اسمبلی عمران خان کی امانت ہے، امانت انہیں دیدی ہے، عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کمیٹی کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارشات ، پنجاب کے ارکان کی مخالفت

پرویزالہٰی نے کہا کہ ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں،غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پھر ناکام ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے، اسے پہلے کی طرح پھر ناکامی ہوگی، اپوزیشن کو پہلے بھی مار پڑی، آئندہ بھی پڑے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلی اجلاس ہورہا ہو تو گورنر راج نہیں لگ سکتا، اپوزیشن اسمبلی کے رولز آف بزنس کا مطالعہ کرلیا کرے۔

پرویزالہٰی کے ساتھ ساتھ مونس الہٰی نے بھی عمران خان کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرادی۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کیا ہے، جس میں پنجاب اسمبلی کے مستقبل سے متعلق مشاورت ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ چوروں کے ٹولے نے معیشت تباہ کردی ہے۔

imran khan

resignations

Chaudhry Pervaiz Elahi

Punjab Assembly dissolve

POLITICS DEC01 2022